• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پودے جو گھر کی تزئین و آرائش میں کئی گناہ اضافہ کریں

اِن ڈور پلانٹس لگانا کئی لوگوں کا محبوب مشغلہ ہوتا ہے۔ یہ گھر کی تزئین و آرائش میں کئی گناہ اضافہ کر دیتے ہیں۔ سجاوٹ کا یہ منفرد انداز نا صرف گھر کی فضاء کو باعثِ فرحت بناتا ہے، بلکہ طبیعت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے۔ خوب صورت اور دلکش اِن ڈور پلانٹس سے آراستہ گھر بلاشبہ تازگی کا احساس اجاگر کرتے ہیں۔

کئی لوگ گھر میں مختلف وجوہات کی بناء پر پودوں کی سجاوٹ کرتے ہیں۔ کئی لوگ پودوں کی سجاوٹ خالصتاً اپنے جمالیاتی ذوق کو تسکین پہنچانے کے لیے کرتے ہیں، جب کہ کچھ لوگ گھر کے سائز اور باغبانی کے لیے دستیاب وقت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایسا کرتے ہیں۔ تاہم اس کے علاوہ بھی کچھ وجوہات ہیں، جن کی بناء پر لوگ گھر میں پودے لگاتے ہیں اور باغبانی کرتے ہیں، ان وجوہات میں صحت، دولت اور پیار کا حصول بھی شامل ہے۔

لکی بمبو (Lucky Bamboo) 

لکی بمبو، گھر کی تزئین و آرائش کے علاوہ دفاتر میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس اِن ڈور پلانٹ کی خاصیت یہ ہے کہ اس کی کم وقت میں مناسب دیکھ بھال کی جاسکتی ہے اور صرف پانی دینے سے ہی یہ صحت مند رہ سکتا ہے۔ اسی وجہ سے یہ سجاوٹ کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔ 

اکثریت کے نزدیک یہ پلانٹ خوش قسمتی کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے؛ جیسے کہ 3شاخوں والا خوشیوں کا، 5 شاخوں والا دولت کا اور 7شاخوں والا صحت کا ضامن تصور کیا جاتا ہے۔ چائنیز فینگ شوئی کے مطابق لکی بمبو گھر میں مثبت توانائی کو لاتا اور پیدا کرتا ہے، جو گھر میں خوشحالی اور سکون کا باعث بنتی ہے۔

مَنی ٹری (Money Tree) 

پیسے درختوں پر نہیں اُگا کرتے، تاہم منی ٹری کو اپنے گھر میں لگا کر آپ گھر میں پیسے کی ریل پیل بڑھا سکتے ہیں۔ چائنیز فینگ شوئی کے مطابق، منی ٹری زندگی میں دولت، پیسے اور خوش حالی کی علامت ہوتا ہے۔ 

گھر میں منی ٹری لگانے کے لیے اس جگہ کا انتخاب کریں، جو آپ سب سے زیادہ چاہتے ہیں۔ کچن(صحت)، دفتر (کاروبار)، لائبریری (علم) ۔ گھر میں دولت لانے کے لیے سب سے بہترین جگہ کمرے کا کونا ہے، جسے گھر کا ’ویلتھ ایریا‘ مانا جاتا ہے، اس کونے میں زندگی کو خوشحالی عطا کرنے والی توانائی گھومتی ہے۔

آرکڈز (Orchids)

آرکڈ کا پلانٹ پیار کی نمائندگی کرتا ہے۔ جس گھر میں یہ پلانٹ لگایا جائے، وہاں بے تحاشہ پیار پایا جاتا ہے، یہ روح کو سکون پہنچاتا ہے اور دوستی کو گہرا کرتا ہے۔ قدیم یونان میں لوگ آرکڈ کو زرخیزی اور بہادری کی علامت تصور کرتے تھے، اس لیے اسے نئے والدین کے لیے نیک شگون سمجھا جاتا ہے۔

جیڈ پلانٹ (Jade Plant) 

جیڈ پلانٹ کو گھر کے لیے مبارک سمجھا جاتا ہے۔ اسے گھر میں پیسے کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔اسے کئی لوگ ’منی پلانٹ‘، ’ڈالر پلانٹ‘ اور ’فرینڈشپ پلانٹ‘ کہہ کر بھی یاد کرتے ہیں۔ اس پلانٹ کو گھر کے داخلے کے مقام پر رکھنے کو ترجیح دی جاتی ہے کہ جیسے، پیسے کو گھر کے دروازے پر ’ویلکم‘ کیا جارہا ہو۔ انگریزی میں اس کے لیے ایک کہاوت بھی ہے'Jade by the door, poor no more' (جن کے دروازے پر جیڈ پلانٹ رکھا ہو وہ غریب نہیں رہتے)۔

کئی چائنیز ریستورانوں اور کاروباری جگہوں پر دروازے کے قریب جیڈ پلانٹ رکھا دیکھا جاسکتا ہے، کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ یہ ’ہیپی کسٹمرز‘ کو اپنی طرف کھینچتا ہے، جو خوشی خوشی ان کا کاروبار بڑھاتے ہیں۔ گھر میں  جیڈ پلانٹ کے لیے جنوب مشرق کو بھی اچھی جگہ سمجھا جاتا ہے، جو پیسوں کے معاملے میں آپ کی قسمت کی توانائی میں نئی روح پھونکتا ہے۔

ربر پلانٹ (Rubber Plant) 

ربر پلانٹ کو گھر میں خوش قسمتی، کثرت اور دولت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔گھر میں ربر پلانٹ رکھنے کے لیے سب سے بہترین جگہ ’ویلتھ ایریا‘ کو مانا جاتا ہے اور فینگ شوئی میں ویلتھ ایریا آپ کے کمرے کا کونا ہوتا ہے۔ گول پتوں کے باعث اسے استقبالیہ میں رکھنے کے لیے بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔ 

اس کے پتے رسیلے ہوتے ہیں اور پانی، پیسے کی ریل پیل کی نمائندگی کرتا ہے۔ کچھ لوگ اس کے پتوں کو سِکوں(Coins)سے مشابہ قرار دیتے ہیں۔ اس لیے اس سے پیدا ہونے والی توانائی کو استقبالیہ سے گھر کے اندر آنے دیا جائے۔

کھجی (Palms)

کھجی کا شمار اِن ڈور کے چند سب سے بڑے پودوں میں ہوتا ہے۔ یہ بہترین Space Divider کے طور پر بھی استعمال ہوتی ہے، جب کہ یہ گھر کے اندر فطری ماحول بھی پیدا کرتی ہے۔ کھجی گھر میں مثبت توانائی کو کھینچتی ہے۔ کھجی دراصل گھرسے غائب مثبت فینگ شوئی توانائی کو کھینچ کر لاتی ہے۔

اسنیک پلانٹ (Snake Plant) 

اس پلانٹ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ گھر کے اندر ہوا سے مخصوص زہریلی گیسوں کو جذب کرلیتا ہے۔ اس پلانٹ کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ یہ بخاراتی پانی کو خارج کرتا ہے، جس سے گھر میں نمی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ گھر کے مکینوں کے لیے گھر میں مضبوط دفاعی توانائی لاتا ہے، جس سے وہ منفی عناصر سے محفوظ رہتے ہیں۔ اس پلانٹ کو گھر کے اس حصے میں رکھیں، جہاں لوگوں کا بیٹھنا کم ہو۔