امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایشیا کپ 2025 کے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز گزشتہ روز سے ہوا ہے۔
میزبان کرکٹ بورڈ کے مطابق ابوظبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچوں کی ٹکٹوں کی کم از کم قیمتیں 40 درہم جبکہ دبئی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹ 50 درہم میں دستیاب ہوں گے۔
تاہم شائقین کو سب سے زیادہ جس میچ کا انتظار ہے یعنی پاک بھارت ٹاکرا، کے ٹکٹس 7 میچوں کے ٹکٹ پیکج میں حاصل کیے جاسکتے ہیں، جس میں روایتی حریفوں کے درمیان سپر فور کے ممکنہ مقابلے اور فائنل جو 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا بھی شامل ہے۔
ابتدائی طور پر اس پیکچ کی قیمت 1400 درہم رکھی گئی ہے۔ اس پیکج کے تمام میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم باقی میچز کے لیے شائقین کو الگ الگ ٹکٹس خریدنے کی سہولت بھی ہوگی، جو 7 میچز کے اس پیکیج میں شامل نہیں ہیں۔
مزید برآں، ابوظبی اور دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹس آنے والے دنوں میں دفاتر پر بھی دستیاب ہوں گے، جن کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔