• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابو راؤ کا کردار پیش کرنے پر کپل شرما شو کو 25 کروڑ کا لیگل نوٹس

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بھارتی مزاحیہ شو ’کپل شرما شو‘ کو بابو راؤ ایکٹ کے حوالے سے قانونی مشکل کا سامنا ہے، اس سلسلے میں فلم پروڈیوسر فیروز ناڈیاوالا نے شو کو 25 کروڑ روپے کا نوٹس بھیجا ہے۔ 

فیروز ناڈیاوالا نے کامیڈین کیکو شرادا کی جانب سے بابو راؤ ایکٹ کے کاپی رائٹ ایکٹ اور ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دی گریٹ انڈین کپل شو کے ساتھ نیٹ فلکس کو بھی  لیگل نوٹس بھجوایا ہے۔ 

یاد رہے کہ دی گریٹ انڈین کپل شو کا فائنل ایپیسوڈ اس ہفتے ایئر ہوگا جس کے مہمان اداکار اکشے کمار ہوں گے۔ فلم پروڈیوسر فیروز ناڈیاوالا نے اپنے قانونی نوٹس میں فلم ہیرا پھیری فرنچائز کے مشہور کردار بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے کے غیر قانونی استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ 

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب کامیڈین کیکو شرادا نے شو میں پرفارم کرتے ہوئے بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے کے کردار کی نقل کی، جو کہ فلم میں اداکار پاریش راول کا مشہور کردار ہے۔ فیروز ناڈیاوالا، جو اس کردار کے حقوق املاک دانش کے مالک ہیں، کا دعویٰ ہے کہ یہ کردار ان کی اجازت کے بغیر پیش کیا گیا۔

فیروز ناڈیاوالا نے ایک بیان میں کہا کہ بابو راؤ صرف ایک کردار ہی نہیں بلکہ فلم ہیرا پھیری کی روح ہے۔ یہ ہمارے خون، پسینے، تصور اور تخلیقی صلاحیتوں سے بنی اور کوئی بھی اسے ہماری اجازت کے بغیر ہائی جیک یا غلط استعمال نہیں کر سکتا۔ 

اداکار پاریش راول نے اس کردار کو سنوارا اور اس میں جان ڈال دی، کسی کو بھی اس کا غلط تجارتی فائدہ اٹھانے کا حق حاصل نہیں۔ ہم اپنی تخلیق کا دفاع کریں گے کیونکہ ثقافت استحصال کے لیے نہیں بلکہ محفوظ کرنے کے لیے ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید