• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دیدی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے سہ ملکی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم کو 31 رنز سے شکست دے دی ہے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 176 رنز تک محدود رہی۔

یو اے ای کی طرف سے آصف خان 77 اور کپتان محمد وسیم 33 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، میچ میں حسن علی 3، محمد نواز نے 2، سلمان مرزا اور صائم ایوب نے 1-1 وکٹ اپنے نام کی۔

میچ میں عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس پر صائم ایوب کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوورز میں 207 رنز بنائے، صائم ایوب نے 69 رنز بنائے، ان کی اننگز 4 چھکوں اور 7 چوکوں سے آراستہ تھی۔

حسن نواز نے 56 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 25 رنز کی نمایاں باری کھیلی اور ٹیم کےلیے 200 سے اوپر کا اسکور آسان کردیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں محمد حارث 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو انہوں نے وکٹ گنوانے کے بعد اپنا بیٹ توڑ دیا۔

یو اے ای کے صغیر خان اور جنید صدیقی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، حیدر علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

متحدہ عرب امارات نے حالیہ میچز میں افغانستان، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کو شکست سے دوچار کیا ہے۔

سیریز میں پاکستان نے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے مات دی تھی۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اب تک دو ٹی 20 میچز کھیلے جاچکے ہیں، پہلا میچ 2016ء میں میرپور میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے 7 وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی۔

ٹاس کےلیے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور یو اے ای ٹیم کے قائد محمد وسیم میدان میں اترے، پاکستان نے گزشتہ روز کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو آرام دیا اور اُن کی جگہ فائنل الیون میں حسن علی اور سلمان مرزا شامل کیے گئے۔

میچ کےلیے پاکستانی الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، حسن علی، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل تھے۔

محمد ذوہیب، محمد وسیم، آصف خان، علی شان شرافو، راہول چوپڑا، ایتھان ڈی سوزا، دھریو پرشانت، صغیر خان، حیدر علی، جنید صدیقی اور محمد جواد اللّٰہ یو اے ای کی ٹیم کا حصہ تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید