• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیائی ترقیاتی بینک ہر چیلنج میں پاکستان کیساتھ کھڑا ہے: صدر اے ڈی بی مساتو کاندا

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک مساتو کاندا—فائل فوٹو
صدر ایشیائی ترقیاتی بینک مساتو کاندا—فائل فوٹو

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) مساتو کاندا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تباہ کن سیلابوں کا خود مشاہدہ کیا ہے، امدادی اور بحالی کی کوششوں میں مدد کے لیے اے ڈی بی ایک گرانٹ کی تیاری کر رہا ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اے ڈی بی ریکوڈک منصوبے کی ویلیو چینز اور کلین انرجی کی منتقلی میں بڑھتے کردار کی حمایت کر رہا ہے، اے ڈی بی بحرانی ردِعمل سے لے کر سرمایہ کاری تک، ہر چیلنج میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدر اے ڈی بی نے کہا کہ سیلاب متاثرین اور اس میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے تعزیت کرتا ہوں، حکومت کی درخواست پر اے ڈی بی ہنگامی امداد کے لیے ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے 30 لاکھ ڈالرز کی گرانٹ فراہم کرے گا، یہ عمل پاکستان کے ساتھ ہماری پائیدار شراکت کا عکاس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی، پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی اہم معدنی دولت کےاستعمال پر تبادلۂ خیال کیا، ریکوڈک کاپر گولڈپروجیکٹ کے لیے 410 ملین ڈالرز کی فنانسنگ سپلائی چین کو مضبوط کرے گی۔

صدر اے ڈی بی مساتو کاندا نے کہا ہے کہ یہ فنانسنگ پاکستان کو عالمی گرین ٹرانزیشن میں کلیدی سپلائر کے طور پر آگے لائے گی، ہم پاکستان کی صلاحیت کو مضبوط اور ملک میں زندگیوں کو بہتر بنائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ آغاز سے ہی بی آئی ایس پی کو مضبوط کرنے اور توسیع دینے میں پاکستان کی مدد کی، ان ماؤں، بچوں اور خاندانوں سے ملاقات کی جن کی زندگیاں بدل گئی ہیں، ایسی ماؤں سے ملا جو اب اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کے قابل ہوئی ہیں۔

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک مساتو کاندا کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانےمیں بھی مدد کررہا ہے، مضبوط سماجی تحفظ کے نظام کی تعمیر اور لوگوں کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید