متحدہ عرب امارات کے جارحانہ مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف خان نے پاکستان سے شکست کے بعد کہا کہ ٹیم کی ناتجربہ کاری کے باعث شکست ہوئی ورنہ نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی ٹیموں کو ویک اپ کال دی ہے اور ایشیا کپ کے لئے پراعتماد ہیں۔
شارجہ میں پاکستان کے خلاف 35 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے بلے باز آصف خان کا کہنا تھا کہ ہمارا پلان آخری اوورز میں پاور ہٹنگ کا تھا، اس پر عمل کیا لیکن پاکستان کی بولنگ نے ہماری منصوبہ بندی کامیاب نہ ہونے دی ۔
آصف خان نے اماراتی کپتان محمد وسیم کی اننگ کو بھی سراہا لیکن محمد وسیم کے رن آؤٹ کو نقصان دہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شارجہ ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے اور اس نے ہمیں سپورٹ کیا۔ ہم نے پچھلے ہفتوں میں بھرپور ٹریننگ کی، اس کا پھل ضرور ملے گا۔
آصف خان کا کہنا تھا کہ اماراتی کرکٹ ٹیم کی اصل طاقت ٹی ٹوئنٹی میں ہے اور بالنگ کے ذریعے اگر حریف کو 170-180 تک روک سکیں تو میچ جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔
واضح رہے کہ آصف خان 1990 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور 2007 سے 2014 تک 32 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں۔