پنجاب کے ایک سرکاری اسکول کی پرنسپل عائشہ خان اور چپراسی عمران علی کی انوکھی محبت کی کہانی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
یہ محبت کی داستان کسی فلمی کہانی سے کم نہیں، کیونکہ اس رشتے کی شروعات ایک کپ چائے سے ہوئی۔
38 سالہ عائشہ خان تعلیم سے اپنی لگن اور انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے مشہور تھیں جبکہ 32 سالہ عمران علی کئی برسوں سے اسکول میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
عمران کی خاص بات یہ تھی کہ وہ چائے اس توجہ اور سلیقے سے بناتے تھے کہ پرنسپل کو ہمیشہ ان کی چائے پسند آتی، چائے میں درست مقدار میں شکر اور ہلکی سی الائچی کا ذائقہ پرنسپل کے دل کو بھا گیا اور یہی معمول آہستہ آہستہ محبت میں ڈھل گیا۔
چند ماہ کی خاموش قربت کے بعد عائشہ نے ہی عمران کو شادی کی پیشکش کی، نکاح کی تقریب سادگی سے منعقد ہوئی جس میں اساتذہ، طلبہ اور دونوں خاندانوں نے شرکت کی، طلبہ نے اس موقع پر چائے کے موضوع پر ایک دلچسپ اسکیچ بھی پیش کیا جبکہ اساتذہ نے دلہن کو چائے کا سیٹ تحفے میں دیا۔
’پرنسپل ویڈز پیون‘ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خصوصاً ایکس (ٹوئٹر) پر اس جوڑی کے چرچے شروع ہوگئے، صارفین نے میمز، تبصرے اور دل چھو لینے والے پیغامات شیئر کیے۔