جارجیا میں ماہرین آثار قدیمہ نے 1.8 ملین سال پرانی انسانی جبڑے کی ہڈی دریافت کر لی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے انسان کے نچلے جبڑے کی یہ ہڈی جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی کے جنوب مغرب میں تقریباً 100 کلو میٹر کے فاصلے پر اوروزمانی کے مقام سے دریافت کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ اوروزمانی نامی یہ جگہ دو گاڑیاں پارک کرنے کی جگہ سے بھی چھوٹی ہے لیکن تاریخ سے مالا مال ہے، 2022ء میں ماہرین آثار قدیمہ کو یہاں سے 1.8 ملین سال پرانہ انسانوں کا دانت اور انسانی کھوپڑیاں بھی ملی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق تازہ ترین دریافت میں ماہرین آثار قدیمہ کو جانوروں شیر، ہاتھی، بھیڑیا، ہرن اور زرافے کی باقیات بھی ملی ہیں اور ساتھ ساتھ پتھر کے اوزاروں کا ذخیرہ بھی ملا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ دریافت ہومو ایریکٹس کے نمونوں کے بارے میں سراغ فراہم کرتی ہے جو کہ ایک شکاری انواع ہے جس کے بارے میں سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اس نے تقریباً 20 لاکھ سال پہلے ہجرت شروع کی تھی۔
اس حوالے سے تبلیسی کی الیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں پتھر کے زمانے کے آثار قدیمہ کے پروفیسر جیورگی بیڈزیناشویلی نے کہا کہ اوروزمانی سے ملنے والی انسانی جبڑے کی ہڈی اور جانوروں کی باقیات کا مطالعہ ہمیں یوریشیا کے پہلے نوآبادیات کے طرز زندگی کا تعین کرنے میں مدد دے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں اوروزمانی ہمیں بنی نوع انسان کے بارے میں بڑی معلومات فراہم کر سکتا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ دریافت زمین پر انسان کی ابتدائی نسل کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔