بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں ایک ڈھابے پر کھانے کے دوران پنیر کی ڈش سے مردہ چوہا نکل آیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دو افراد کھانے کے دوران ڈش میں موجود ایک چیز کو تیز پات سمجھ کر نکالنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہ دراصل مردہ چوہا نکلتا ہے، اس واقعے کے بعد ڈھابے پر بیٹھے افراد حیران رہ گئے۔
واقعے کے بعد عوام میں ڈھابوں کی صفائی اور کھانے کے معیار پر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، متاثرہ افراد نے تاحال پولیس کو تحریری شکایت نہیں دی، تاہم ایک شخص نے ڈھابے کے مالک سے شکایت کی اور قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مقامی ہوٹلوں و ڈھابوں کے کھانے پینے کی اشیاء کا معائنہ بھی کیا جائے گا تاکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کو یقینی بنایا جا سکے۔