• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب میں جہیز بہہ جانے والی 9 لڑکیوں کی شادی کی ذمے داری گورنر پنجاب نے لے لی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سیلاب کے دوران 9 لڑکیوں کا جہیز بہہ جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے متاثرہ لڑکیوں کی شادی کی ذمے داری لے لی۔

سوشل میڈیا پر سیلاب میں بچیوں کے جہیز بہہ جانے کی خبر کے بعد گورنر پنجاب سلیم حیدر نے متاثرہ فیملی کے گھر موہلنوال کا دورہ کیا۔

گورنر سلیم حیدر خان نے سیلاب سے متاثرہ فیملی اور اہل علاقہ سے ملاقات کی۔ متاثرہ شہریوں نے پانی میں ڈوبے ہوئے اپنے گھر گورنر پنجاب کو دکھائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلیم حیدر خان نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچا دی ہے، سیلاب کی تباہی اور قدرتی آفت کے سامنے لوگوں کی بےبسی دیکھ کر میری نیندیں اڑ گئیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ لوگوں کے گھر سیلاب میں ڈوب گئے، قیمتی سامان پانی میں بہہ گیا، لوگ قبرستانوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، اس وقت میری تمام تر توانائیاں سیلاب زدگان کی بحالی پر مرکوز ہیں۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 3 وقت کا کھانا مہیا کیا جائے گا، ریڈکریسنٹ کی جانب سے میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، یہ وقت کسی قسم کی سیاست کا نہیں، سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہو گی۔ موہلنوال میں سیلاب متاثرین کو خیمے لگا کر دیں گے۔

سیلاب متاثرین نے گورنر پنجاب سے شکوہ کیا کہ ہماری مدد کے لیے کوئی نہیں پہنچا، کسی قسم کی سرکاری مدد، رہائشی خیمے، کھانا، طبی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں، اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب سے اپنی جانیں بچائیں۔

قومی خبریں سے مزید