لاہور(آصف محمود بٹ ) سیلاب متاثرین کے نام پر کسی تنظیم کو چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں۔ ایسے پوسٹرز، بینرز یا اشتہارات ضبط ، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے خبردار کیا ہے کہ کالعدم تنظیمیں سیلاب متاثرین کی امدادی مہم کے نام پر چندہ جمع کرنے، عوامی ہمدردی سمیٹنے اور بھرتی کی کوششیں کر سکتی ہیں جسے ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے۔
’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق نیکٹا نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے کہا ہے پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) تقاضے بھی اس امر کے متقاضی ہیں کہ ایسی سرگرمیوں پر سخت نگرانی کی جائے اور کسی تنظیم کو ریلیف کیمپ یا عطیات اکٹھا کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
نیکٹا نے مذکورہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کالعدم تنظیموں کی فہرست فوری طور پر تمام فیلڈ فارمیشنز تک پہنچائی جائے۔