• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منصوبہ ساز ہوش کے ناخن لیں، اب بھی وقت ہے قوم کو ساتھ لے کر چلیں:سلمان اکرم راجہ

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پی ٹی آئی رہنما اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے خبردار کیا ہے کہ منصوبہ ساز ہوش کے ناخن لیں، اب بھی وقت ہے قوم کو ساتھ لے کر چلیں۔

 اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے 2 خطوط آئے ہیں، یہ خطوط ایک داستان بیان کرتے ہیں کہ اس وقت ملک میں عدلیہ کی حالت کیا ہے، کس طرح اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کر دیا گیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ایک پورا مصنوعی نظام جو 8 فروری کے الیکشن کو لوٹ کر قائم کیا گیا تھا اب وہ سسکیاں لے رہا ہے، یہ نظام جو انسان دشمن ہے، غریب دشمن ہے اب گرنے کو ہے، ڈالر مارکیٹ سے ناپید ہے، مصنوعی طور پر خرید کر ذخیرہ کیا گیا ہے، جس دن ڈالر ٹریڈ ہوگا، آپ دیکھیں گے ڈالر کی مصنوعی قیمت 300 سے اوپر جائے گی، مہنگائی کا ایک اور دور آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی مری میں پلان بن رہے ہیں کبھی لندن پلان بن رہے ہیں، کہتے ہیں معیشت سنبھل گئی ہے لیکن کسان کو کچل دیا ہے، ہمیں وہ معیشت چاہیے جو انسان دوست ہو، جو غریب دوست ہو۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری تحریک کے ذریعے حاصل کیا تھا، پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی تائید سے آتی ہے، اس پر حملہ کیا گیا، قوم آگے بڑھ رہی ہے، قوم جمہوریت کی طرف بڑھ رہی ہے، بانی پی ٹی آئی عوام کا درد لے کر جیل میں بیٹھے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ سندھ میں پانی سیاست کا ہتھیار بن گیا ہے سندھ میں پانی کی شدید ضرورت ہے لیکن آج صوبے میں خوف کی فضا قائم ہے اگر کوئی شخص اقتدار میں بیٹھے افراد کے خلاف آواز بلند کرے تو اس کا پانی بند کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل سردار اختر مینگل کے جلسے پر حملہ ہوا جس میں 15 لوگ شہید ہوئے، اس کے پیچھے پاکستان دشمن ہیں، پوری قوم سے کہتے ہیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائیں۔

قومی خبریں سے مزید