دریائے سندھ میں سیہون کے مقام پر طغیانی کی وجہ سے سیلابی صورتِ حال برقرار ہے، 40 سے زائد دیہات پانی میں گھر گئے، مال مویشی پھنس گئے۔
حیدر آباد میں کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، دریائے سندھ کے قریب مکینوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی، لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
گڈو بیراج کے مقام پر بھی پانی کے اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فلڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ اپ اسٹریم پر پانی کی آمد 2 لاکھ 66 ہزار 804 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
ڈاؤن اسٹریم سے 2 لاکھ 37 ہزار 999 کیوسک پانی کا اخراج ہوا، 24 گھنٹوں میں اپ اسٹریم میں 7,040 کیوسک کی کمی ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سکھر اور گڈو پر پانی پہنچنے کے بعد پلان پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا، کچے کے علاقوں میں 14 ہزار سے زائد لوگ رہائش پزیر ہیں۔