ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 50 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے، جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ اور گجرات سب سے زیادہ سیلاب سے متاثر ہوئے، گجرات میں ریلیف سرگرمیوں کے لیے تمام تر سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ گجرات میں اگلے 12 سے 14 گھنٹے میں صورتِ حال میں بہتری آ جائے گی، پنجاب کے مختلف ڈویژنز میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 سے 22 گھنٹے میں کسی دریا پر نیا الرٹ جاری نہیں ہوا، پچھلے 24 گھنٹے میں ستلج میں پانی کم ہو رہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی پانی کم ہو رہا ہے ، جسڑ پر 71 ہزار ، راوی سائفن پر ایک لاکھ 10 ہزار، شاہدرہ پر ایک لاکھ 7 ہزار کیوسک پانی ہے جبکہ سدھنائی کے مقام پر پانی کا ریلہ ایک لاکھ 70 ہزار ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ملتان اور شیر شاہ کے مقام پر پانی میں کمی آئی ہے، آنے والے دنوں میں بارشوں کا اسپیل زیادہ تیز نہیں ہوگا۔