پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی، سرفراز احمد، اداکار اعجاز اسلم سمیت دیگر شخصیات نے 6 ستمبر کے حوالے سے پیغامات جاری کیے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا گیا ہے، جب پاک فوج کے نڈر سپاہیوں نے اپنی بے مثال جرأت، بہادری اور وطن سے محبت کے جذبے سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ دن صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ پاکستان کے اتحاد، استقامت اور عزم کی لازوال داستان ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ اس دن جب دشمن نے سرحدوں پر فوج کشی کی تو پاک فوج نے ناصرف اپنے وطن کا دفاع کیا بلکہ دشمن کو ایسی سبق آموز شکست دی کہ وہ آج تک تاریخ کے صفحات پر محفوظ ہے۔
اداکار اعجاز اسلم نے کہا کہ 6 ستمبر یومِ دفاع پر پوری قوم پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، معرکۂ حق کی کامیابی نے قوم کا مورال بلند کر دیا، ہم سب اعلیٰ حوصلوں کے ساتھ اپنی افواج کو سلام پیش کر تے ہیں۔
کرکٹر وہاب ریاض نے کہا کہ آج کا دن ہمارے ہیروز کو سلام پیش کرنے کا دن ہے، شہداء ے اپنی جانیں قربان کر کے پاکستان کو سرخرو کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کہا کہ عہد کریں کہ پاکستان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔