کراچی کو گہرے بادلوں نے گھیرے میں لیا ہوا ہے، جن میں بارش برسانے والے بادل موجود ہیں، جن کے تحت کئی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے۔
گلشن حدید میں ہلکی بارش ہوئی، بحریہ ٹاؤن پریسنٹ 31 میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، ملیر ہالٹ، رفاہِ عام اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش شروع ہو گئی، جبکہ ملیر کینٹ، اسکیم 33 میں ہلکی بارش ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر کے مشرقی حصے پر بارش برسانے والے بادل موجود ہیں، جو شہر میں مزید پھیل سکتے ہیں اور بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کم دباؤ شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا ہے جس کے بعد اس سسٹم کے زیر اثر سندھ میں مضبوط مون سون ہوائیں داخل ہورہی ہیں، اس سسٹم کے تحت 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
ہوا کے کم دباؤ کا یہ سسٹم اب بھارت کے جنوب مغربی راجستھان اور ملحقہ سندھ پر موجود ہے، جس کے باعث آج شام سے 11 ستمبر تک کراچی میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہرِ قائد میں کہیں کہیں درمیانی سے موسلا دھار اور شدید موسلا دھار بارش کا امکان بھی ہے، موسلادھار بارش، آندھی اور بجلی شہری معمولاتِ زندگی کو متاثر کر سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق تھر پار کر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، دادو، مٹیاری میں 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ اکثر مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللًّہ یار، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور جامشورو میں 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہےجبکہ کہیں کہیں موسلا دھار سے شدید موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
شکارپور، کشمور، سکھر، جیکب آباد اور گھوٹکی اضلاع میں 11 ستمبر تک وقفے وقفے سے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں درمیانی سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سے 11 ستھبر کے دوران بارش کے باعث کراچی، میر پورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، بدین، سجاول، حیدرآباد میں اربن فلڈنگ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ خضدار، لسبیلہ اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔