• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: 20 سالہ لڑکی سے سالگرہ کی تقریب میں اجتماعی زیادتی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 20 سالہ لڑکی کو سالگرہ کی تقریب میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ کے مضافاتی علاقے ریجنٹ پارک میں 20 سالہ خاتون کو اپنی سالگرہ کے موقع پر 2 جاننے والوں نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق واقعہ جمعے کو پیش آیا، متاثرہ لڑکی نے ہفتے کی صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے کسی طرح فرار ہو کر گھر پہنچنے کے بعد اپنے اہلِ خانہ کو اطلاع دی، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس نے ملزمان کی شناخت چندن ملک اور دیپ کے نام سے کی ہے، جن میں سے دیپ مبینہ طور پر سرکاری ملازم ہے۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ چندن نے اسے سالگرہ منانے کے بہانے دیپ کے فلیٹ پر بلایا، جہاں دونوں نے دروازہ بند کر کے اس سے زیادتی کی۔

خاتون نے شکایت میں کہا ہے کہ چندن سے اس کی چند ماہ قبل شناسائی ہوئی تھی، اسی کے ذریعے اس کی ملاقات دیپ سے ہوئی تھی اور دونوں نے اسے  سالگرہ کا کہہ کر بلایا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ بھارت میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جو کسی بھی طرح کم ہونے میں نہیں آ رہے، یہ واقعہ کولکتہ میں خواتین پر بڑھتے جرائم کی ایک اور کڑی ہے۔

25 جون کو جنوبی کولکتہ لاء کالج کیمپس میں ایک قانون کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی ہوئی تھی، جبکہ گزشتہ برس آر جی کار میڈیکل کالج کی ایک ڈاکٹر کے ریپ اور قتل نے ملک گیر احتجاج کو جنم دیا تھا۔

9 اگست 2024ء کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں 31 سالہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعید قتل کر دیا گیا تھا، وہ اسپتال کے سیمینار ہال میں چہرے پر زخموں کے ساتھ مردہ پائی گئی تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید