ماضی کی ایک بالی ووڈ فلم ایسی بھی ہے جس سے ایشوریا رائے کو نکال دیا گیا تھا، کنگ خان شاہ رخ کو اس پر بے حد افسوس تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2003ء کی فلم ’چلتے چلتے‘ کے لیے ایشوریا رائے بچن کو ابتدائی طور پر مرکزی اداکارہ کے طور پر کاسٹ کیا گیا تھا اور انہوں نے فلم بندی بھی شروع کر دی تھی لیکن بعد میں انہیں تبدیل کر دیا گیا۔
بعد میں فلم میں ان کی جگہ رانی مکھرجی نے شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ وہ وجہ حیران کن ہے جس کے باعث ایشوریا کو اس پروجیکٹ سے ہٹنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق ایشوریا رائے کو فلم سے اس وقت کے ان کے بوائے فرینڈ سلمان خان کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا، جنہوں نے سیٹ پر مسائل پیدا کر دیے تھے، جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ میں تاخیر اور تناؤ پیدا ہو گیا تھا۔
اگرچہ ایشوریا اور سلمان نے اس پر بعد میں شاہ رخ خان سے معافی مانگی، لیکن پروڈیوسرز کو مستقبل میں اسی طرح کی رکاوٹوں کا خدشہ تھا اور ٹیم چونکہ سخت شیڈول پر تھی، اس لیے انہوں نے ایشوریا کو ہٹا کر رانی مکھرجی کو ان کی جگہ کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایشوریا بہت قریبی دوست تھیں، میں نے ان کے ساتھ واقعی کچھ شاندار فلمیں کی ہیں اور میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ میری پسندیدہ شریک اداکاراؤں میں سے ایک رہی ہیں، ہم نے فلم جوش، محبتیں، دیوداس وغیرہ میں ایک ساتھ بہت اچھا کام کیا ہے اور ہم بہت اچھی طرح سے گھل مل جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ فلم چلتے چلتے سے ایشوریا رائے کو الگ کرنا پڑا، مجھے اس پر بہت افسوس ہے، مگر بطور پروڈیوسر میرے ہاتھ بندھے ہوئے تھے کیونکہ میں اکیلا پروڈیوسر نہیں تھا، میرے پاس لوگوں کی ایک ٹیم تھی، ایشوریا کو کاسٹ سے نکالنے کا 10، 11 لوگوں کا اجتماعی فیصلہ تھا، اس وقت پوری کمپنی کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی تھی، ہم 3 سے 4 مہینوں میں فلم مکمل کرنا چاہتے تھے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ ذاتی طور پر اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو ایشوریا بہت پروفیشنل ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم پورے معاملے سے تھوڑے غمگین تھے اور ہم نے سوچا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، مگر یہ کوئی توہم پرستی نہیں تھی، ایک پیشہ ورانہ فیصلہ تھا اور پیشہ ورانہ طور پر بھی ہمیں بہت برا لگا تھا۔
واضح رہے کہ 2000ء کی دہائی کے اوائل میں ایشوریا رائے اور سلمان خان کا رشتہ سب سے زیادہ مشہور و معروف محبت کی کہانیوں میں سے ایک تھا، دونوں کی ملاقات فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں ان کی آن اسکرین کیمسٹری جلد ہی حقیقی زندگی کے رومانس میں بدل گئی تھی۔