• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

30 ہزار کروڑ کے اثاثے، سنجے کی بیوہ پریا اپنی نند کو کیس سے کیوں ہٹانا چاہتی ہیں؟

دائیں تصویر میں پریا کپور، بائیں تصویر میں آنجہانی سنجے کپور اپنی بہن مندھیرا کے ساتھ—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
دائیں تصویر میں پریا کپور، بائیں تصویر میں آنجہانی سنجے کپور اپنی بہن مندھیرا کے ساتھ—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

سنجے کپور کی بیوہ پریا سچدیو اپنی نند کو 30 ہزار کروڑ کی جائیداد کے کیس سے نکالنے کی خواہش مند ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریا سچدیو کی جانب سے دہلی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے کہ ان کی نند مندھیرا کپور اسمتھ کا نام سنجے کپور کے اثاثوں سے متعلق 30 ہزار کروڑ روپے کی جائیداد کے کرشمہ کپور کے بچوں کے کیس سے ہٹایا جائے۔

دہلی ہائی کورٹ نے گزشتہ روز پریا سچدیو کپور اور ان کے بیٹے کی جانب سے دائر کردہ درستگی کی درخواست منظور کر لی جس میں نشاندہی کی گئی تھی کہ 10 ستمبر کے حکم میں سنجے کپور کی بہن مندھیرا کپور کی موجودگی کو غلط طریقے سے ریکارڈ کیا گیا تھا، حالانکہ وہ نہ تو مقدمے کی فریق تھیں اور نہ ہی انہوں نے اس میں شمولیت کی درخواست کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس غلطی سے ایک گمراہ کن ریکارڈ بنا اور یہ مقدمے میں پچھلے دروازے سے داخلے کے مترادف ہے۔

یہ مقدمہ سنجے کپور کے بچوں سمیرا کپور اور کیان راج کپور نے اپنی والدہ اداکارہ کرشمہ کپور کے توسط سے دائر کیا ہے جس میں انہوں نے 30 ہزار کروڑ روپے کی جائیداد کی تقسیم، اس کا حساب دینے اور پریا کپور اور خاندان کے دیگر افراد کے خلاف مستقل حکمِ امتناعی کا مطالبہ کیا ہے۔

10 ستمبر کو دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس جیوتی سنگھ نے اس معاملے میں سمن جاری کیے تھے، فریقین کو مقررہ مدت میں اپنے دلائل جمع کرانے کا حکم دیا تھا اور پریا کپور کو سنجے کپور کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کی مکمل فہرست جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا تھا کہ آنجہانی سنجے کپور کی مبینہ وصیت جو فی الحال پریا کپور کی تحویل میں ہے، اسے ایک مہر بند لفافے میں رکھا جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ حکم میں مندھیرا کپور کا بطور فریق غلط ذکر کیا گیا تھا جو فریقین میں شامل نہیں ہیں۔

پریا کی درستگی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ریکارڈ میں ترمیم کی جائے تاکہ تنازع کے صحیح فریقین کی عکاسی ہو سکے۔

اب اس کیس کی سماعت 9 اکتوبر کو ہو گی، جس میں عدالت مدعیان کی اس درخواست پر غور کرے گی جس میں کہا گیا ہے کہ مدعا علیہان کو اثاثے فروخت کرنے، منتقل کرنے سے روکا جائے۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں مندھیرا نے جاری قانونی جنگ میں پریا سچدیو کپور کے ساتھ اپنے کشیدہ تعلقات اور کرشمہ کپور اور ان کے بچوں کے لیے اپنی مضبوط حمایت کے بارے میں بات کی ہے۔

انہوں نے زور دیا ہے کہ میں ہمیشہ کرشمہ اور اس کے بچوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہی ہوں، جبکہ پریا نے مجھ سے دوری بنائی، کرشمہ میری سب سے اچھی دوست ہے۔

اپنی بھتیجی اور بھتیجے کے بارے میں بات کرتے ہوئے مندھیرا نے ان کی پرورش پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری بھتیجی اور بھتیجے سمیرا اور کیان کو کرشمہ کپور نے جس طرح سے پالا ہے، اس پر مجھے بہت فخر ہے، جب میں ان سے بات کرتی ہوں اور وہ مجھے بتاتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور ان کی زندگی کیسی ہے تو مجھے بہت فخر ہوتا ہے۔

انہوں نے پریا اور سنجے کے بیٹے ازاریاس کے ساتھ اپنے تعلق کی کمی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بدقسمتی سے مجھے ازاریاس سے دور رکھا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید