بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک حادثے کے دوران تباہ ہونے والی کار میں سوار لڑکی کے مرنے کی افواہ پھیل گئی، تاہم مانی پوار نامی لڑکی نے ایک ویڈیو پیغام اپنی موت کی تردید کی ہے۔
گزشتہ دنوں ایک کار شوروم سے خاتون کے گھر والوں نے 27 لاکھ روپے مالیت کی نئی گاڑی خریدی، مگر کچھ ہی دیر بعد شوروم میں ایک حادثہ پیش آیا، جس کی وجہ سے وہ گاڑی پہلی منزل سے شیشے توڑتے ہوئے نیچے گرنے کے بعد الٹ گئی۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ دعوے گردش کرنے لگے کہ خاتون خریدار مانی پوار حادثے میں ہلاک ہو گئی۔ تاہم مانی پوار نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کرکے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی۔
مانی پوار نے کہا کہ میں زندہ ہوں، مری نہیں ہوں۔ براہ کرم جھوٹی ویڈیوز پھیلانا بند کریں۔ کچھ لوگ صرف ویوز اور لائکس لینے کے لیے بالکل جھوٹا مواد بنا رہے ہیں، جس میں کہا گیا کہ میری ناک ٹوٹ گئی ہے اور میں مر گئی ہوں۔ یہ سب بے بنیاد اور تکلیف دہ جھوٹ ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ حادثے کے وقت وہ اپنے خاندان اور ایک سیلز مین کے ساتھ گاڑی میں موجود تھیں جو پہلے سے ہائی آر پی ایم پر تھی، جس کی نشاندہی سیلز مین نے بھی کی تھی، اچانک گاڑی تیز ہو گئی اور شیشے توڑتی ہوئی سڑک پر الٹ گئی۔
مانی پوار نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت گاڑی وہ نہیں بلکہ ان کے شوہر چلا رہے تھے، لیکن سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے میمز بناتے ہوئے مجھے حادثے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔