• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کی گونج بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم تک پہنچ گئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ایشیا کپ 2025 کا بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا آج شام دبئی میں ہوگا۔ تاہم میچ سے قبل میچ کے بائیکاٹ کی گونج بھارتی ڈریسنگ روم تک پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ کی مہم نے سوشل میڈیا پر بھی زور پکڑ لیا ہے، جس کے سبب بھارتی کرکٹ ٹیم بوکھلاہٹ کا شکار ہونے لگی ہے۔

ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری بائیکاٹ مہم سے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور ان کی ٹیم کے حوصلے ماند پڑنے لگے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے کو سنبھالنے کے لیے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو خود میدان میں آنا پڑا۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ سے قبل گوتم گمبھیر اور سپورٹ اسٹاف کے دیگر اراکین نے بھارتی کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور صورتحال کو بہتر طریقے سے سنبھالنے کا مشورہ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈریسنگ روم میں معاملات کی خرابی اس وقت واضح ہوئی جب انتظامیہ نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر یا کپتان سوریا کمار یادیو کے بجائے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ کو ہفتے کو ہونے والی پریس کانفرنس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران جب اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ سے پوچھا گیا کہ کیا کھلاڑی پاک بھارت میچ کے دوران اپنے جذبات کو میدان میں لے جائیں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہاں، مجھے لگتا ہے کہ وہ ایسا کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک بہت ہی حساس مسئلہ ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ کھلاڑی بھارتی عوام کے جذبات سمجھتے ہیں لیکن ایک طویل عرصے سے ایشیا کپ کے حوالے سے کھلاڑی کشمکش کا شکار رہے۔ ہمیں نہیں لگتا تھا کہ ہم کسی ایک اسٹیج پر آسکیں گے لیکن آپ بھی جانتے ہیں کہ حکومت کا کیا مؤقف ہے۔

ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ریان ٹین ڈوشیٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مہم کی شدت میں ہر گزرتے لمحے اضافہ ہو رہا ہے اور میں بھارتی عوام کے جذبات سمجھ سکتا ہوں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید