بھارت میں تلنگانہ کے ضلع میدک میں ایک انتہائی افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک ماں نے اپنے آشنا کے ساتھ رہنے کی خاطر اپنی دو سالہ بچی کو قتل کر دیا۔
ماں نے اعتراف کیا کہ بچی کے رات بھر رونے سے وہ اور اس کا محبوب پریشان ہوتے تھے، اسی لیے انہوں نے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
یہ واقعہ 4 جون کو پیش آیا لیکن کئی ماہ تک راز میں رہا، بچی کی گمشدگی پر ہونے والی تحقیقات نے بالآخر اس لرزہ خیز حقیقت کو بےنقاب کیا، پولیس نے 23 سالہ ملزمہ ممتھا اور اس کے ساتھی 30 سالہ فیاض کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق دونوں نے بچی کا گلا گھونٹنے کے بعد اس کی لاش گاؤں کے قریب ایک نالے کے کنارے دفنا دی تھی، لاش برآمد کرکے پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔
ممتھا کے والد نے 27 مئی کو رپورٹ درج کروائی تھی کہ ان کی بیٹی لاپتہ ہے، انہوں نے بتایا کہ ممتھا 21 مئی کو اپنے سسرال سے بچوں کو لے کر آئی تھی لیکن اسی روز اپنی ننھی بچی کو ساتھ لے کر واپس چلی گئی اور پھر کبھی واپس نہ لوٹی۔
پولیس نے تکنیکی نگرانی کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں آندھرا پردیش سے گرفتار کیا، جہاں وہ چھپ کر رہائش پذیر تھے، سخت تفتیش کے دوران ممتھا نے اعتراف کیا کہ بچی کا مسلسل رونا ان کے راستے کی رکاوٹ تھا، اس لیے دونوں نے سوچ سمجھ کر اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ان کا موبائل فون بھی اہم ثبوت کے طور پر برآمد کیا گیا ہے، اس المناک واقعے نے پورے علاقے کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔