• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلورنس: حیرت انگیز تعمیرات کا حیرت کدہ

فلورنس وسطی اٹلی کا ایک شہر اور ٹسکانی علاقے کا دارالحکومت ہے۔ اس کی آبادی 2017ء میں پونے چار لاکھ کے لگ بھگ تھی۔ فلورنس قرون وسطی کے یورپی تجارت اور مالیات کا مرکز تھا اور اس دور کے سب سے امیر شہروں میں سے ایک تھا۔ اس کو بہت سے ماہرین تعلیم نے نشاۃ ثانیہ کی جائے پیدائش اور "قرون وسطیٰ کا ایتھنز" کہتے ہیں۔ 

اس کی ہنگامہ خیز سیاسی تاریخ میں طاقتور میسیڈی خاندان کے ادوار کی حکمرانی اور متعدد مذہبی اور جمہوری انقلابات شامل ہیں۔ 1865 سے 1871 تک اس شہر کو اٹلی کےشاہی دارالحکومت کی حیثیت حاصل رہی۔ یہ شہر ہر سال لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے ، اور یونیسکو نے 1982 میں فلورنس کے تاریخی مرکز کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا۔ 

یہ شہر اپنی ثقافت، نشا ۃثانیہ آرٹ، فن تعمیر اور یادگاروں کے لئے مشہور ہے۔ اس شہر میں متعدد عجائب گھر اور آرٹ گیلر یاں ہیں، جیسے یوفیزی گیلری اور پلازو پیٹی، اور اب بھی آرٹ، ثقافت اور سیاست کے میدانوں میں اپنی اہمیت رکھتی ہیں۔ فلورنس کے فنی اور فن تعمیراتی ورثے کی وجہ سے ، فوربس نے اسے دنیا کے خوبصورت شہروں میں شمار کیا ہے۔

فلورنس کیتھڈرل- ڈوومو (The Florence Cathedral- Duomo)

فلورنس میں فن تعمیر کے سب سے زیادہ متاثر کن شاہکاروں میں سے ، فلپونو برونیلیسی کا سحر انگیز کیتھیڈرل ہے جو فخریہ طور پر اٹلی کے سب سے بڑے ’ڈوومو‘ کا اعزاز رکھتا ہے۔ در حقیقت ، یہ اتنا بڑا ہے کہ اسے مکمل ہونے میں 140 سال لگے۔ فلورینس کے معماروں نے 1294 میں بڑے پیمانے پر اس کا اسٹرکچر بنانا شروع کیا۔ 

وہ جانتے تھے کہ وہ اس اطالوی علاقے میں موجود گرجا گھروں کےمقابلے میں اسے سب سے بڑا بنانے والے ہیں۔ انہوں نے اس تعمیر کا آغاز کیا ، لیکن انجنیئرنگ اور ٹیکنالوجی کی کمی کی وجہ سے یہ کیتھیڈرل بغیر گنبد کے قائم رہا۔ آخرکار1436 ءمیں اسے مکمل کرلیا گیا۔ یہ یقینی طور پر اتنا ہی حیرت انگیز ہے جتنا کہ 600 سال پہلے تھا۔

باسیلیکا آف سان لورینزو (The Basilica of San Lorenzo)

کلیسیا کا اصل ڈھانچہ فلورنس کی قدیم نشانیوںمیں سے ایک ہے۔ یہ اس کے زنگ آلود ، نوکیلے پتھر کے ٹکڑوں سے محسوس ہوتاہے کہ آج تک اسے کسی نے ہاتھ نہیں لگایا۔ باسیلیکا ، پوری نشاۃثانیہ کے دوران فلورنس کے متمول میڈسی گھرانے کا چرچ تھا، اور 1400 کی دہائی کے اوائل میں جیوانی ڈی بیچی ڈی میڈیکی نے ایک نیا چرچ (اصل میں فیلیپو برونیلسی نے ڈیزائن کیا تھا) شروع کیا تھا، جس کے بعد سے متعدد افراد نے اس میں ترمیم کی۔

شاید ان میں سب سے مشہور اضافہ مائیکل اینجیلو بوناروٹی نے کیا۔ باسیلیکا آف سان لورینزو کے بارے میں کہا جاتاہے کہ کہ نشاۃ ثانیہ کے فن تعمیر میں ا س کی ہم آہنگی اور نیرنگی انتہائی متاثر کن تھی۔

پلازو ویکچو (Palazzo Vecchio )

پلازو ویکچو کو مطلب پرانا محل ہے اور یہ فلورنس کا ٹاؤن ہال ہے۔ اس میں مائیکل اینجیلو کے ڈیوڈ مجسمے کی ایک کاپی اور ملحقہ لوگیا دی لینزی میں مجسموں کی گیلری موجود ہے۔

اصل میں یہ پلازو ڈیلا سیگوریا کہلاتا ہے، فلورنس کے جمہوریہ صدر ، فلورنس کے دستخط کے بعد، اس عمارت کو متعدد دوسرے ناموں سے بھی جانا جاتا تھا۔1299 میں فلورنس کے لوگوں نے ایک ایسا محل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا جو شہر کی اہمیت کو اجاگر کرے اور یہ ہنگامہ آرائی کے وقت مجسٹریٹس کے لئےزیادہ محفوظ اور قابل دفاع ہو۔

مکعب نما یہ عمارت مضبوط اور ناہموار پتھر کے کام سے بنی ہے، جس میں روشنی اندر لانے والی گوتھک کھڑکیوں کی دو قطاریں ہیں، جن میں سے ہر ایک پرقوس بنی ہوئی ہے۔ اس محل کو1965-71کے دوران متحدہ اٹلی کی عارضی حکومت میں اس وقت بہت اہمیت ملی جب فلورنس اٹلی کی بادشاہی کا عارضی دارالحکومت بن گیا تھا۔ اگرچہ اب زیادہ تر پالازو ویچیو ایک عجائب گھر ہے، لیکن یہ مقامی حکومت کے علامت اور مرکز کے طور پر باقی ہے۔

گیلیریا ڈگلی یوفیزی (Galleria degli Uffizi)

بے پناہ ہجوم کے باوجود، آپ یوفیزی گیلری سے محروم نہیں رہ سکتے ہیں۔ فلورنس کا سب سے مشہور میوزیم اور اٹلی کے سب سے مشہور آرٹ گیلریوں میں سے ایک اصل میں میڈیسیا کا انتظامی مرکز تھا۔ اس میوزیم کی سیر کرنا یقینا فلورنس کے دورے کی ایک خاص بات ہے۔ 

اندر، دنیا کے کچھ اہم فنکاروں ، جیسے مائیکل اینجیلو، رافیلو، ٹیزانو اور بوٹیسییلی کے تخیلقی فن پاروں میں آپ گھنٹو ں مستغر ق رہیں گے۔ یہ عمارت خود آرٹ کا ایک نمونہ ہے اور یہاں سے پونٹے ویکچو اور دریائے ا ٓرنو پر زبردست نظارہ آپ کے سامنے ہوتاہے۔

پونٹے وکیچو (Ponte Vecchio)

پونٹے وکیچو یا اولڈ برج، ایک حیرت انگیز محراب والا پل ہے جو اپنے تنگ ترین مقام پر دریائے آرنو پر بناہو اہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ سلطنت روم میں بنایا گیا پہلا پل ہے لیکن اس کا ذکر پہلی بار 996 ء میں ملتا ہے۔ 

اصل میں لکڑی سے تعمیر کیا گیا یہ پل 1333ءکے سیلاب میں تباہ ہوگیا تھا اور اسے پتھر سے دوبارہ تعمیر کیا گیا تھا۔ پونٹے ویکیو فلورنس کا واحد واحد پل ہونے کی وجہ سے مشہور ہے جو دوسری جنگ عظیم کے دوران تباہ نہیں ہوا تھا اور دوسری وجہ یہاں موجود زیورات کی بے شمار دکانیں ہیں۔