امریکا کے ہائی اسکول کی ایک خاتون ملازم طالب علم سے جنسی تعلق میں ملوث نکلی، جسے نوکری سے نکال دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق نیو یارک کے ایک ہائی اسکول میں غیر اخلاقی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں اسکول میں کام کرنے والی خاتون لنچ بریک میں ایک طالب علم کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے میں ملوث پائی گئی۔
اسپیشل کمشنر آف انویسٹی گیشن (ایس سی آئی) کی تحقیقات میں بتایا گیا کہ "کمیونٹی ایسوسی ایٹ" کے طور پر تعینات 22 سالہ اوشن ویلینٹائن نے مئی 2022 میں ایک 17 سالہ طالب علم سے انسٹاگرام کے ذریعے رابطہ قائم کیا جو بعد میں میسیجز اور ملاقاتوں تک جا پہنچا۔
دونوں کے درمیان چلنے والا یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک ساتھی طالبہ نے لڑکے کے فون پر میسجز اور ہوٹل کی رسید کی تصویر دیکھ کر اسکول حکام کو اطلاع دی۔ تحقیقات کے دوران طلبہ اور ویلینٹائن کے درمیان متعدد کالز اور میسجز کے شواہد بھی ملے۔
محکمہ تعلیم نے ویلینٹائن کو بغیر تنخواہ معطل کرنے کے بعد نوکری سے برطرف کر دیا۔ وہ 2023 میں تقریباً 34 ہزار ڈالر کی تنخواہ پر کام کر رہی تھیں، تاہم صرف 15 ہزار ڈالر وصول کر پائی تھیں۔
تحقیقات کرنے والے ادارے نے محکمہ تعلیم کو سفارش کی ہے کہ پالیسی میں ترمیم کر کے اسٹاف کو طلبہ سے سوشل میڈیا یا ذاتی نمبروں پر رابطہ رکھنے سے روکا جائے، مگر اب تک اس پر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔