امیتابھ بچن نے کے بی سی 17 میں اپنی اہلیہ جیا بچن کے قد پر لطیفہ سنا دیا جس سے شو میں قہقہے گونج اٹھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کون بنے گا کروڑ پتی کے سیزن 17 کی تازہ ترین قسط میں میزبان امیتابھ بچن نے مقابلہ کرنے آنے والی آشا دھیرین سے گفتگو میں اپنی اہلیہ، اداکارہ، سیاست دان جیا بچن کے قد کے بارے میں لطیفہ سنایا اور اپنی اور جیا بچن سے شادی کا تذکرہ بھی کیا۔
شو میں آشا نے امیتابھ سے اپنی اہلیہ جیا کی تعریف کرنے کو کہا۔
جس پر امیتابھ بچن نے کہا کہ دیوی جی ہمارے بیاہ کو 52 سال ہو گئے ہیں، اب تک انہوں نے ہمیں برداشت کیا، اس سے زیادہ تعریف کیا ہوسکتی ہے، یہ کہنے کے بعد وہ ہنسنے لگے۔
آشا نے شو میں اپنی محبت کی کہانی سنائی کہ میرے شوہر نے پہلی نظر میں مجھے پسند کیا اور شادی کی خواہش میں میرا پیچھا بھی کیا، جب اس بات کی میں نے اپنی ایک چھوٹے قد کی دوست سے شکایت کی تو انہوں نے میرے شوہر کو ڈانٹا۔
یہ سن کر امیتابھ بچن نے اپنی اہلیہ جیا بچن کے قد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے برجستہ کہا کہ مجھے آپ کی کہی ہوئی ہر بات اچھی لگی لیکن آپ نے جو کہا کہ ایک چھوٹے قد کی دوست اوپر دیکھ کر میرے شوہر کو دھمکا رہی تھی، تو یہ میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔
یہ سن کر شو میں موجود تمام شرکاء بے اختیار قہقہ مار کر ہنس پڑے۔