• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کے بھارتی کپتان کیخلاف آئی سی سی کو لکھے گئے خط کے مندرجات سامنے آگئے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بھارتی کپتان سوریا کمار کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو لکھے گئے خط کے مندرجات سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کپتان سوریا کمار کے خلاف آئی سی سی کو تفصیلی خط لکھا تھا، آئی سی سی کی جانب سے بھارتی کپتان کے خلاف پی سی بی کے مؤقف کو تسلیم کیا گیا۔

آئی سی سی نے بھارتی کپتان کے خلاف انضباطی کارروائی کا عندیہ دیا ہے،  پی سی بی نے 14 ستمبر کو میچ کے اختتام پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔ خط میں پی سی بی نے سوریا کمار یادیو کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

پی سی بی کے خط کے متن کے مطابق سوریا کمار نے کھیل کو سیاست میں ملوث کرنے اور اس کی شہرت کو نقصان پہنچایا۔

پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ اس میچ پر آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی تمام دفعات لاگو ہوتی ہیں۔ خط میں لکھا گیا سوریا کمار یادیو نے جان بوجھ کر پہلگام واقعہ اور آپریشن سندور کا ریفرنس دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سوریا کمار کا رویہ ضابطہ اخلاق کی رو ح کے منافی ہے، کارروائی بنتی ہے، آئی سی سی فری غزہ اور فریڈم از ہیومن رائٹ کے نعروں کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف قرار دے چکا ہے،  سوریا کمار یادیو کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو کرکٹ کا میدان سیاسی اکھاڑہ بن جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے خط میں لکھا گیا کہ بھارتی کپتان کے بیانات براہ راست پاکستان کے خلاف تھے، سخت ترین کارروائی ضروری ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید