ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان اور بھارت ٹیمیں کل آمنے سامنے ہوں گی، اس سے قبل بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے پاکستان اور بھارت کے مابین بڑے اور فیصلہ کُن مقابلے سے قبل بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا اور بلے باز ابھیشیک شرما کی کی فٹنس پر خدشات ظاہر کر دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ایشیا کپ 2025 کے آخری سپر فور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا کے سنسنی خیز مقابلے کے دوران بھارتی کھلاڑی ہاردیک پانڈیا اور ابھیشیک شرما ہیمسٹرنگ کا شکار ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا سری لنکا کے خلاف پہلا اوور کرنے کے بعد ہیمسٹرنگ کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ انہوں نے بقیہ اننگز میدان سے باہر ہی گزاری۔
دوسری طرف بھارتی کھلاڑی ابھیشیک شرما 9ویں اوور میں اپنی دائیں ران پکڑے دکھائی دیے۔ تاہم 10ویں اوور میں ہیمسٹرنگ کا شکار ابھیشیک شرما واک آؤٹ کر گئے اور سری لنکا کی اننگز کے دوسرے ہاف میں میدان سے باہر رہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے مذکورہ دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کی انجری کاجائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھیشیک شرما 28 ستمبر کو پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کا فائنل ممکنہ طور پر کھیلیں گے جبکہ ہاردیک پانڈیا کے حوالے سے حتمی فیصلہ بروز ہفتہ 27 ستمبر کو کیا جائے گا۔