جرمنی کے دارالحکومت میں 1 لاکھ سے زائد افراد نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف بڑا مظاہرہ ہوا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی فوری طور پر روکی جائے اور یورپی یونین کے تحت اسرائیل پر پابندیاں عائد کی جائیں۔
اس عوامی اجتماع کے انعقاد میں 50 مختلف تنظیموں نے حصہ لیا تھا، مظاہرین نے فلسطینی جھنڈوں اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ’سب نگاہیں غزہ کو دیکھ رہی ہیں‘ کے نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کے ماہرین کی رائے میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات بہت عرصے سے نسل کشی کے زمرے میں آرہے ہیں اور عالمی عدالت انصاف اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی بات ہو رہی ہے پھر بھی جرمن حکومت اسرائیلی اقدامات کو منّظم تشدد تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔