ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستانی بالرز کے دباؤ کے باعث بھارت نے پاور پلے میں سب سے کم اسکور بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
فائنل میچ میں بھارت کو ابتدا ہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹیم صرف 36 رنز بنا سکی، جو اس ٹورنامنٹ میں بھارت کا سب سے کم پاور پلے اسکور ثابت ہوا۔
یہ اسکور پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت کا تیسرا کم ترین پاور پلے اسکور بھی ہے۔
میچ کے آغاز میں اوپنر ابھیشیک شرما کی جلد وکٹ گرنے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن دباؤ میں آ گئی اور رنز بنانے کی رفتار سست پڑ گئی، پاکستان کے منظم بولنگ اٹیک کے باعث بھارتی بلے باز کریز پر سنبھلنے میں ناکام رہے۔
فہیم اشرف نے بھارت کو پہلا جھٹکا دیا جب انہوں نے ایک سلو بال پر ابھیشیک شرما کو چھکا مارنے پر اُکسایا، گیند بیٹ کے کونے سے لگی اور سیدھی مڈ آن پر کھڑے حارث رؤف کے ہاتھوں میں چلی گئی اور یوں ابھیشیک صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد پاکستان نے مزید دو بڑی کامیابیاں سمیٹیں، بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو کو سلمان علی آغا نے شاندار کیچ پکڑ کر پویلین واپس بھیجا، سلو گیند پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش میں گیند ہوا میں گئی جس کو سلمان نے کیچ کرلیا۔
کچھ ہی دیر بعد شبمن گل بھی پویلین لوٹ گئے، فہیم اشرف کی گیند پر شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ حارث رؤف کے ہاتھوں شاندار کیچ کا شکار بنے۔ حارث نے سیدھا اچھل لگا کر دونوں ہاتھوں سے گیند کو تھام لیا، جس نے بھارت کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔
پاور پلے کے اختتام تک بھارت 3 اہم بلے بازوں سے محروم ہو چکا تھا اور پاکستان نے کھیل پر واضح گرفت قائم کر لی تھی۔