پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے ایشیا کپ 2025ء کے فائنل میں بھارت سے شکست کی بڑی وجہ بتا دی۔
میچ کے بعد گفتگو میں سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ بیٹنگ لائن کی ناکامی ٹیم کی شکست کا بنیادی سبب بنی، یہ شکست واقعی کڑوی گولی ہے، ہم نے بیٹنگ میں بہت وکٹیں گنوائیں، بولنگ ہماری بہترین رہی لیکن اسکور بورڈ پر رنز کم تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سنگل ڈبل نہیں لیے اور غیر ضروری وکٹیں گنوائیں، بیٹنگ کے شعبے کو جلد درست کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے بولرز نے کم ہدف کے باوجود میچ کو آخری اوور تک دلچسپ بنایا، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے بھارت کو 20 پر تین کھلاڑی آؤٹ کر کے مشکلات میں ڈال دیا، لیکن مڈل آرڈر بیٹر تلک ورما نے ہمت دکھاتے ہوئے بھارت کو کامیابی دلا دی۔
کپتان نے بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار بولنگ کی، ایک موقع پر بھارت کو 6 اوورز میں 63 رنز چاہیے تھے اور میں نے سوچا کہ میچ ہمارے ہاتھ میں ہے، لیکن بیٹنگ نے ہمیں مایوس کیا۔
سلمان آغا نے ٹیم پر فخر کا اظہار کیا اور عزم دہرایا کہ ہم سخت محنت کریں گے اور مزید مضبوط ہو کر دوبارہ میدان میں اتریں گے۔