• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین: دنیا کا بلند ترین پل ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، 2 گھنٹوں کی مسافت 2 منٹ میں سمٹ گئی

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

چین میں تعمیر کیا گیا دنیا کا بلند ترین پُل ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

’ہواجیانگ گرینڈ کینئن برِج‘ چین کے صوبے گوئیژو میں بیپن دریا پر بنایا گیا ہے جو 625 میٹر (2050 فٹ) اونچا (بلند) اور 2890 میٹر (1.8 میل) لمبا ہے۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق یہ منصوبہ تین سال سے زائد عرصے میں مکمل ہوا ہے۔

یہ پُل دنیا کا بند ترین پُل ہے جس پر سفر کرنے والے دو گھنٹے میں طے کی جانے والی مسافت صرف دو منٹ میں طے کریں گے۔

چینی میڈیا کے مطابق افتتاح سے قبل اس پُل کی سخت حفاظتی جانچ پڑتال بھی کی گئی ہے۔ 

انجینئرز نے بیک وقت 96 بھاری ٹرک مختلف حصوں پر کھڑے کر کے لوڈ ٹیسٹ کیا جبکہ 400 سے زائد سینسرز نے پل کے مرکزی اسپین، ٹاورز، کیبلز اور معلق حصوں کی نگرانی کی تاکہ ذرا سی بھی تبدیلی یا لرزش کو ریکارڈ کیا جا سکے۔

ہواجیانگ گرینڈ کینئن برج نے بیک وقت دو ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں؛ ایک یہ کہ یہ دنیا کا سب سے اونچا اور پہاڑی علاقے میں سب سے بڑے اسپین والا پُل  ہے، دوسرا یہ کہ اس پُل کو ناصرف سفر کے لیے بلکہ سیاحت کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

اس پُل پر 207 میٹر بلند دیدہ زیب لفٹ، ’اسکائی کیفے‘ اور سیاحوں کے لیے خصوصی پلیٹ فارمز بھی بنائے گئے ہیں جہاں سے وہ کینئن کے دلکش مناظر دیکھ سکیں گے۔

خاص رپورٹ سے مزید