• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی: سرکس میں کرتب دکھانے والی فنکارہ بلندی سے گر کر ہلاک

فوٹوز انسٹاگرام /  مارینا بی
فوٹوز انسٹاگرام /  مارینا بی

جرمنی کے شہر باؤٹزن میں ایک سرکس شو کے دوران 27 سالہ ہسپانوی ٹریپیز آرٹسٹ مرینا بی المناک حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوگئیں۔

 یہ واقعہ ہفتہ کی رات اس وقت پیش آیا جب وہ پاؤل بُش سرکس کے شو میں تنہا پرفارم کر رہی تھیں۔ تقریباً 100 تماشائیوں کے سامنے وہ 16 فٹ کی بلندی سے گرنے کے بعد موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

جرمن میڈیا کے مطابق سرکس کے عملے نے واقعے پر شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقین نہیں کر پا رہے کہ ایسا حادثہ کیسے پیش آیا۔

پولیس نے تصدیق کی کہ مرینا نے حفاظتی رسی استعمال نہیں کی تھی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آرٹسٹ خود کرتی ہیں۔

جرمنی کی سرکس ایسوسی ایشن کے سربراہ رالف ہوپرٹز نے شبہ ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر مرینا کو اچانک چکر آگیا ہو کیونکہ ایک تربیت یافتہ فنکار کے لیے اس بلندی سے گرنے کے باوجود جان سے جانا غیر معمولی بات ہے۔

اس المناک حادثے کے بعد سرکس انتظامیہ نے آئندہ کے تمام شو منسوخ کر دیے ہیں۔ 

مرینا کا تعلق ہسپانیہ کے علاقے مالورکا سے تھا اور وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے اس فن سے وابستہ تھیں۔ حال ہی میں وہ پاؤل بُش سرکس کے دورہ جاتی پروگرام کے لیے منتخب ہوئی تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید