• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: بیوی کے قتل کے بعد شوہر کی خودکشی، ویڈیو پیغام میں وجہ بھی بتادی

کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر گڑگاؤں کے ایک سافٹ ویئر انجینئر نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کا گلا گھونٹ کر اسے قتل کردیا اور بعدازاں خود بھی خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ 30 سالہ ملزم اجے کمار الٰہ آباد کا رہائشی تھا جس نے اپنی 28 سالہ اہلیہ سویٹی شرما کو قتل کرنے کے بعد اپنے ایک دوست کو ویڈیو پیغام بھیجا جس میں اِس نے بتایا تھا کہ وہ اپنی زندگی سے مطمئن نہیں ہے اور اپنا خاتمہ کرنے جارہا ہے۔

پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والے نوجوان کی ویڈیو سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر جب پولیس اجے کمار کے فلیٹ میں پہنچی  تو سویٹی شرما کی لاش فرش پر پڑی تھی جبکہ اجے کمار کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔

دوسری جانب مقتولہ کے اہلخانہ نے اجے کمار پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں میاں بیوی تین سال قبل شادی کے بندھن میں بندھے تھے، اجے کمار گڑگاؤں کی ایک آئی ٹی کمپنی میں ملازم تھا۔

یاد رہے کہ اس نوعیت کا یہ پہلا کیس نہیں ہے، بھارت سے آئے دن اس قسم کی متعدد خبریں سامنے آتی ہیں جہاں یا تو خواتین کو جہیز کی مانگ پر قتل کردیا جاتا ہے یا پھر زندگی سے مایوس نوجوان خودکشی کر لیتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید