اقوامِ متحدہ کی انسانی ہمدردی کی ایجنسی ہیومنٹیرین ایجنسی کے چیف ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ غزہ میں امداد پہنچانے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
ٹام فلیچر نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرمپ کا غزہ میں جنگ بندی اور امن سے متعلق منصوبہ یرغمالیوں کو گھر لائے گا۔
ٹام فلیچر کا کہنا تھا کہ ایک عملی اور اصولی انداز میں اس لمحے کو امن کے لیے استعمال کر نےکے لیے ہم تیار اور پُرجوش ہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ٹرمپ کے منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ فلسطینی اور اسرائیلی عوام کے ساتھ ساتھ پورے مشرقِ وسطیٰ کے خطے کے لیے طویل المدتی اور پائیدار امن، سلامتی اور ترقی کی ایک قابلِ عمل راہ فراہم کرے گا۔