• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے ایشیا کپ میں جو حرکت کی وہ کھیلوں میں نہیں ہونی چاہیے، عماد شکیل بٹ

تصویر بشکریہ جیو نیوز
تصویر بشکریہ جیو نیوز

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے ایشیا کپ میں جو حرکت کی وہ کھیلوں میں نہیں ہونی چاہیے جبکہ حارث رؤف نے جو گراؤنڈ میں کیا اس کا مزہ تو آیا۔

عماد بٹ نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف میرے سنیئر ہیں اور پاکستان کے اسٹار ہیں، درخواست کروں گا کہ سیاسی معاملات ہیں ان کو اسپورٹس سے ہٹ کر رکھیں، کھیلوں میں یہ چیزیں نہیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں اچھی اور جذبے سے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 41 برسوں کے بعد ہونے والا فائنل دیکھنے کا مزہ آیا مجھے بھی کرکٹ بہت پسند ہے۔

عماد بٹ نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائنگ کیلئے نومبر میں ڈھاکہ میں سیریز ہونے جارہی ہے جس کے 13، 14 اور 16 نومبر کو میچز کھیلے جائیں گے، ٹیم کا مورال کافی بلند ہے، چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ کے ختم ہونے کے بعد ٹیم کے کیمپ کا آغاز ہوگا، سیریز جیت کر پاکستان کو ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہنچائیں گے۔

پرو ہاکی لیگ کے بارے میں پوچھے جانے والے سوال پر عماد بٹ نے کہا کہ پرو لیگ پاکستان ہاکی کے بحالی کیلئے بہت اہم ٹاسک ہے، پرو لیگ میں حصہ لینے کیلئے نو سال انتظار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلیں گے، شروع میں تھوڑی مشکل ہوگی لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں، میری ٹیم پوری جان لڑائے گی، پرو لیگ کے ذریعے اپنی رینکنگ کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

کپتان پاکستان ہاکی ٹیم عماد بٹ نے مزید کہا کہ پی ایچ ایف کے ساتھ تاحال ڈیلیز کے معاملات حل نہیں ہوئے، فیڈریشن کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، فیڈریشن نے ایک ہفتے کا وقت دیا ہے، امید ہے معاملات حل ہو جائیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید