پولینڈ کے کوہ پیما انڈریج بارگیل (Andrzej Bargiel) نے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ (8,849 میٹر) سے بغیر آکسیجن سلینڈر کے اسکی ڈاؤن کر کے تاریخ میں پہلا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
37 سالہ بارگیل اس سے قبل 2018 میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سے پہلی مرتبہ اسکی ڈاؤن کرنے والے ایڈونچرر بھی رہ چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بارگیل نے 16 گھنٹے ڈیتھ زون (8 ہزار میٹر سے بلند علاقہ) میں انتہائی سخت حالات کا مقابلہ کیا، چوٹی پر صرف چند منٹ گزارنے کے بعد انہوں نے فوری طور پر اپنی اسکی باندھی اور ڈھلوان پر اُترنا شروع کیا تاکہ سورج غروب ہونے سے قبل سفر مکمل کیا جا سکے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بارگیل کو برفانی ڈھلوان پر تیز رفتاری سے اُترتے اور ہمالیہ کے فلک بوس پہاڑوں کے درمیان اپنی راہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کی ٹیم کے مطابق یہ ڈسینٹ ایک ہی بار میں مکمل نہیں ہوا، اندھیرا چھا جانے پر وہ کیمپ 2 (6,400 میٹر) پر رک گئے اور اگلی صبح سورج نکلنے پر اپنا سفر مکمل کیا۔
پولش کوہ پیمائی کی تاریخ میں یہ ایک اور سنہری باب ہے، جہاں پہلے ہی جیورزی کوکوچکا اور وانڈا رُٹکیویچ جیسے عظیم کوہ پیماؤں کے نام روشن ہیں۔