ہیوسٹن یونیورسٹی پاکستانی ایلومنائی نیٹ ورک (یو ایچ پی اے) کی جانب سے پہلی اسکالرشپ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں طلبہ کی کامیابی اور پاکستانی نژاد تنظیموں اور عطیہ دہندگان کی جانب سے ان کے طلبہ کے لیے اس اقدام کو سراہا گیا۔
تقریب میں اعلان کیا گیا کہ اب تک پاکستانی طلبا و طالبات کو 14 اسکالرشپس دی جا چکی ہیں جبکہ دو نئے اینڈومنٹس قائم کیے گئے ہیں جو آئندہ برسوں تک طلبہ کی معاونت کرتے رہیں گے۔
اہم عطیہ دہندگان میں سید جاوید انور، حسن علی دھانانی، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی، ان-نساء، اشفاق اور صداف وڈی والا شامل تھے۔ اس موقع پر یو ایچ پی اے ٹیم نے کہا کہ یہ اسکالرشپس محض مالی امداد نہیں بلکہ طلبہ کے مستقبل اور پاکستانی ایلومنائی کی میراث میں سرمایہ کاری ہیں۔
تقریب میں طلبہ، ایلومنائی اور ہیوسٹن یونیورسٹی کے دوستوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
یو ایچ پی اے دسمبر 2023 میں قائم ہوئی تھی، اس کا مقصد پاکستانی ایلومنائی کو اپنی مادرِ علمی سے جوڑنا، طلبہ کو اسکالرشپس و مینٹورنگ فراہم کرنا اور کمیونٹی کو ثقافتی و سماجی خدمات میں شامل کرنا ہے۔
یہ وظائف امریکا میں حصول تعلیم کے لیے آنے والے طلبہ کے تعلیمی سفر میں نئی راہیں کھولیں گے اور ان کے خوابوں کو جِلا بخشیں گے، جبکہ عطیہ دہندگان کے مطابق یہ اقدام نوجوانوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم کے ذریعے کمیونٹی اور ملک کا نام روشن کریں۔
تقریب میں شریک کمیونٹی رہنماؤں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ایلومنائی نے اجتماعی طور پر طلبہ کے لیے وظائف اور وقف فنڈز قائم کر رہی ہے، جو مستقبل میں ایک نئی روایت کو جنم دے گا۔ شرکاء نے یو ایچ پی اے کے اس اقدام کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ برسوں میں مزید آگے بڑھے گا۔