• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: نشے کے پیسے نہ ملنے پر بیٹے نے ماں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

بھارتی ریاست اوڈیشہ کے ضلع بھدرک میں بیٹے نے بزرگ والدہ پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، 65 سالہ خاتون بری طرح جھلس گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت 45 سالہ دیباشش نائیک کے نام سے ہوئی ہے، جو نشے کا عادی ہے، واقعے کے فوراً بعد ملزم فرار ہوگیا تھا، جسے پکڑ لیا گیا۔ 

ابتدائی تفتیش کے مطابق دیباشش نے اپنی 65 سالہ ماں جیوتسنارانی نائیک سے شراب خریدنے کے لیے پیسے مانگے۔ انکار پر اس نے پہلے ان پر حملہ کیا، اور جب وہ زمین پر گر گئیں تو اس نے ان پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چیخ و پکار سن کر خاتون کے پڑوسی جمع ہوئے تو ملزم موقع سے بھاگ گیا اور کچھ دیر بعد پکڑا گیا۔

زخمی خاتون کو پہلے بھدرک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں حالت بگڑنے پر انہیں کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اسپتال ریفر کیا گیا۔

پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ ماں اور بیٹے کے درمیان جھگڑے عام بات تھی، لیکن کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ شراب کے پیسے نہ ملنے پر اپنی ماں کو آگ لگا دے گا۔

پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید