بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں محبت کی شادی کرنیوالی لڑکی 3 ماہ بعد ہی سسرال میں مردہ پائی گئی، والدین کی جانب سے قتل کا شبہ ظاہر کیے جانے پر شوہر کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور کے اندراہلی علاقے میں بدھ کی رات ایک 23 سالہ نئی شادی شدہ خاتون امولیا کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی، اس دن ان کی شادی کو تین ماہ پورے ہوئے تھے، ابتدائی طور پر اسے خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس نے تحقیقات کے لیے اس کے شوہر ابھیشیک کو حراست میں لے لیا ہے۔
امولیا اور ابھیشیک کئی سال سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور تین ماہ قبل ہی دونوں نے شادی کی تھی۔ بدھ کو دونوں کے درمیان باہر جا کر کھانا کھانے سے متعلق بحث ہوئی تھی، جس کے بعد امولیا نے مبینہ طور پر انتہائی قدم اٹھایا۔
لڑکی کے والدین نے اس واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کے مطابق ابھیشیک بیوی پر بے وفائی کا شبہ کرتا تھا، اس کا رویہ جسمانی اور ذہنی طور پر تشدد آمیز تھا، وہ امولیا کو دوسروں سے آزادانہ بات کرنے بھی نہیں دیتا تھا۔
والدین کا الزام ہے کہ ان کی بیٹی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے پولیس سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد امولیا کی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔