عراقی حکومت نے لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ، اور یمن کے حوثی اکثریتی باغیوں سے متعلق جاری گزٹ کو غلطی قرار دے دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق عراقی وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو سنگین غلطی کی تصحیح کرنے کا حکم دے دیا، وزیر اعظم نے وجوہات جاننےکے لیے تحقیقات کا حکم بھی جاری کردیا۔
عراقی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سنگین غلطی میں ملوث عہدیداروں کا محاسبہ کیا جائے گا۔
عراقی سرکاری ایجنسی کا کہنا ہے کہ عراقی وزارت انصاف کی جانب سے جاری گزٹ میں تصحیح کی جائے گی، اثاثے منجمد کرنے کی منظوری داعش، القاعدہ سے وابستہ اداروں، افراد تک محدود ہے، سرکاری گزٹ سے کچھ تنظیموں کو نکال کر تصحیح کی جائے گی۔
اس سے قبل لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ اور یمن کی حوثی جماعت انصاراللّٰہ کے اثاثے منجمد کرنےکا حکم جاری کرتے ہوئے دونوں تنظیموں کو دہشتگرد قرار دیا گیا تھا۔