• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلوکار زوبین گارک کی موت، ساتھی گلوکارہ گرفتار

بالی ووڈ کے معروف گلوکار زوبین گارگ کی سنگاپور میں ہلاکت کے معاملے پر پولیس نے ان کے بینڈ میٹ اور ساتھی گلوکارہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آسام پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے معروف گلوکار زوبین گارگ کی ہلاکت کے معاملے پر ان کے بینڈ میٹ شیکھر جیوتی گوسوامی اور ساتھی گلوکارہ امرتپراوا مہانتا کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد کیس میں گرفتار افراد کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان 19 ستمبر کو نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول کے دوران یاٹ پارٹی میں گارگ کے ساتھ موجود تھے۔ اسی پارٹی کے دوران 52 سالہ گلوکار تیراکی کے لیے گئے اور کچھ دیر بعد پانی میں منہ کے بل تیرتے ہوئے پائے گئے۔

ویڈیوز میں شیکھر گوسوامی کو گارگ کے قریب تیراکی کرتے دیکھا گیا جبکہ امرتپراوا مہانتا نے پورا واقعہ اپنے موبائل پر ریکارڈ کیا تھا۔

پولیس نے اس سے قبل گارگ کے منیجر سدھارتھ شرما اور فیسٹیول منیجر شیامکانو مہانتا کو گرفتار کیا تھا۔ بدھ کے روز ان دونوں پر قتل، قتل کے مترادف مجرمانہ غفلت، مجرمانہ سازش اور حادثاتی موت کا سبب بننے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے۔

تحقیقات کی سربراہی کرنے والے سی آئی ڈی کے اسپیشل ڈی جی پی منّا گپتا نے کہا کہ "مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، ابھی تفصیلات شیئر نہیں کی جا سکتیں۔

دوسری جانب زوبین گارگ کی اہلیہ گارِما گارگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں عدالتی نظام پر مکمل بھروسہ ہے، ہم سب سچ جاننا چاہتے ہیں کہ اصل میں کیا ہوا اور کون کس جرم کا قصور وار ہے۔ اگر کوئی ذمہ دار ہے تو اسے جلد سزا ملنی چاہیے۔

تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ ٹیم شواہد اکٹھا کرنے کے لیے سنگاپور جانے کی تیاری کر رہی ہے، تاہم سرکاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی روانگی ممکن ہوگی۔

52 سالہ زوبین گارگ سنگاپور میں ’نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول‘ میں شرکت اور پرفارم کرنے کے لیے موجود تھے، جہاں انہیں 20 اور 21 ستمبر کو پرفارم کرنا تھا۔

گلوکار زوبین گارگ نے ہندی، بنگالی اور آسامی زبانوں میں گانے گائے اور بالی ووڈ میں شہرت کا آغاز فلم گینگسٹر کے مقبول گیت ’یا علی‘ سے کیا، انہوں نے فلم کرش 3 کے گانے ’دل تو ہی بتا‘ سمیت کئی سپر ہٹ گانے بھی گائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید