پاکستان سے برطانیہ آ کر ریلوے میں ملازمت کے 50 برس مکمل کرنے والے شیف محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ان کا کوکنگ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
محمد یوسف نے لندن یوسٹن سے اسکاٹ لینڈ کے درمیان چلنے والی اوانٹی ویسٹ کوسٹ مین لائن کے فرسٹ کلاس کچن میں بطور شیف 50 برس کی سروس کا سنگ میل عبور کیا تو ان کے ساتھیوں نے ان کے کیلئے یوسٹن اسٹیشن پر سرپرائز پارٹی دی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ روزانہ وہ کام کرتا ہوں جو مجھے پسند ہے۔
محمد یوسف نے ٹرین میں سفر کرنے والے مشہور شیف جیمی اولیور کی طرف سے ان کے بنائے کھانے کی پزیرائی اور تعریفی خط اور تصویر بنوانے کو اپنی زندگی کا اہم اعزاز قرار دیا۔
وہ اکتوبر 1975ء میں بطور کچن پورٹر ریلوے سے منسلک ہوئے تھے اور 1991ء سے چلتی ٹرین میں کھانا بنانا شروع کیا۔
اوانٹی ویسٹ کوسٹ آن بورڈ منیجر فار کیٹرنگ سپورٹ پاؤلا لاج نے کہا ہے کہ محمد یوسف کے ساتھ کام کرنا خوشی کا باعث بنتا ہے وہ ہر روز چہرے مسکراہٹ سجائے کام پر آتے ہیں سب سے شفقت سے پیش آتے ہیں اور یہ بات حیرت انگیز ہے کہ 50 برس بعد بھی وہ اپنے کام سے محبت کرتے ہیں۔