اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف بے قصور ہیں تو ٹی او آرز سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ٹی او آرز پر عوام کے پاس نہ گئے تو حکمران معاملہ کھینچ دیں گے وزیراعظم نوازشریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، وہ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ،شریف خاندان جھوٹ بول رہا ہے ، پاناما پیپرز ہم نے جاری نہیں کئے ، لندن فلیٹس کے متعلق چوہدری نثار سچ بول رہے ہیں جبکہ شریف خاندان کے افراد نے متضاد بیانات دیئے،اگر نواز شریف بے قصور ہیں تو ٹی او آرز سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔وہ جمعرات کو اسلام آباد میں پروفیشنل فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا اتنی گرمی میں کنٹینر پر چڑھنے کا کوئی شوق نہیں ہے مگر اس لیے کنٹینر پر چڑھنے جارہا ہوں کہ پاکستان تباہی کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا آدھا بجٹ صرف لاہور میں خرچ کیا جارہا ہے اور 200 ارب روپے کی صرف میٹرو ٹرین بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپوزیشن کو بلیک میل کر رہے ہیں اور اسمبلی میں کہہ رہے ہیں کہ ہم بھی آپ کے بھید کھولیں گے ۔پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ حکمران ہمیں پیغام دے رہے ہیں کہ ملک ایسا ہی ہے اور آوے کا آوا ہی کرپٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چھوٹو گینگ تھا اور مریم نواز کے تحت موٹو گینگ کام کررہاتھا۔