• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خراب نیند دماغی بڑھاپے کا سبب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ایک نئی طبی تحقیق کے مطابق خراب نیند انسان کے دماغ کے تیزی سے بوڑھا ہونے کا باعث بن سکتی ہے، جس کی ایک وجہ جسم میں بڑھتی ہوئی سوزش ہو سکتی ہے۔

غیر ملکی طبی جریدے ای بائیو میڈیسن کی تحقیق میں جیسے جیسے، جس جس کا 5 نکاتی نیند کے معیار کے پیمانے پر جتنا کم اسکور آیا، ان لوگوں کے دماغ اتنی ہی تیزی سے بوڑھے اور عمر رسیدہ دکھائی دیے۔

سویڈن کے کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ میں نیورو بائیولوجی، کیئر سائنسز سوسائٹی کی پوسٹ ڈاکٹریٹ محقق اور سینئر تفتیش کار ابیگیل ڈوو کے مطابق صحت مند نیند کے اسکور میں ہر ایک پوائنٹ کی کمی کے بدلے دماغ کی عمر اور اصل عمر کے درمیان فرق تقریباً 6 ماہ بڑھ گیا، خراب نیند والے لوگوں کے دماغ اپنی اصل عمر کے مقابلے میں اوسطاً 1 سال زیادہ بوڑھے نظر آئے۔

اس مطالعے کے لیے محققین نے برطانیہ میں بڑے پیمانے پر صحت کے تحقیقی منصوبے یوکے بائیو بینک میں حصہ لینے والے 27 ہزار 500 سے زیادہ درمیانی عمر کے افراد اور بزرگوں کے دماغی اسکینز کا جائزہ لیا۔

شرکاء نے اپنی نیند کے معیار کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں اور ان کے جسم میں سوزش کی سطح جانچنے کے لیے خون کے نمونے بھی استعمال کیے گئے۔

اسکینز سے ظاہر ہوا کہ جیسے جیسے لوگوں کے سونے کے معیار میں کمی آئی، ان کے دماغ تیزی سے بوڑھے ہوئے، سوزش نے خراب نیند اور دماغ کی تیز رفتار عمر رسیدگی کے درمیان تقریباً 10 فیصد تعلق کو واضح کیا۔

محققین کے مطابق ہمارے نتائج اس بات کا ثبوت فراہم کرتے ہیں کہ خراب نیند دماغ کے تیزی سے بوڑھا ہونے میں کردار ادا کر سکتی ہے اور سوزش اس عمل کے پیچھے ایک ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے، چونکہ نیند کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ دماغ کے تیزی سے بوڑھا ہونے اور حتیٰ کہ یادداشت کی کمزوری کو روکا جا سکے۔

محققین نے کہا ہے کہ خراب نیند دماغ کے زہریلے مواد کو صاف کرنے والے نظام کو متاثر کر سکتی ہے، جو زیادہ تر نیند کے دوران سرگرم ہوتا ہے، اس نظام کی خرابی دماغ میں امیلوئڈ بیٹا اور ٹاؤ پروٹینز جیسے نقصان دہ مواد کی زیادتی کا سبب بن سکتی ہے، جو الزائمر جیسے دماغی امراض سے جڑے ہوتے ہیں، نیند کی خرابی دل کی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے، جو بالواسطہ طور پر دماغی صحت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

محققین نے واضح کیا ہے کہ یہ مطالعہ صرف نیند کی خرابی اور دماغی عمر میں اضافے کے درمیان تعلق ظاہر کرتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں


صحت سے مزید