• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈے کھانے کے 8 حیرت انگیز فوائد

فائل فوٹو
فائل فوٹو

انڈہ دنیا کی اُن غذاؤں میں شامل ہے جسے بےشمار طریقوں سے پکایا اور کھایا جاتا ہے۔ چاہے فرائی ہو، آملیٹ ہو یا کسی اور انداز میں ناشتے کی میز پر انڈہ تقریباً لازمی جز سمجھا جاتا ہے۔

انڈہ پروٹین، وٹامنز، منرلز اور دیگر اہم غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے اور اسے طویل عرصے سے توانائی بخش اور صحت مند غذا قرار دیا جا رہا ہے۔

اگرچہ انڈوں کا عالمی دن ہر سال اکتوبر کے دوسرے جمعے کو منایا جاتا ہے، مگر ان کے فوائد ہر دن کے لیے یکساں اہم ہیں، آئیے جانتے ہیں کہ انڈے کھانے سے صحت کو کون سے 8 بڑے فائدے حاصل ہوتے ہیں۔

1- پروٹین کا قدرتی ذریعہ

ایک انڈے میں تقریباً 6 گرام اعلیٰ معیار کا پروٹین موجود ہوتا ہے جو جسم خود تیار نہیں کر سکتا، یہ پروٹین ہڈیوں، ناخنوں اور بالوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ میٹابولزم کو تیز کرتا ہے، جس سے وزن میں کمی میں مدد ملتی ہے۔

2- غذائی اجزاء سے بھرپور خوراک

انڈہ صرف پروٹین ہی نہیں بلکہ فاسفورس، کولین، وٹامنز A، E، B12، B9 (فولیٹ)، لیوٹن اور Selenium جیسے اینٹی آکسائیڈنٹس کا خزانہ ہے، یہ اجزاء خلیات کو نقصان سے بچاتے اور جسمانی نظام کو تندرست رکھتے ہیں۔

3- صحت مند کولیسٹرول میں اضافہ

انڈے میں موجود کولیسٹرول جسم میں اچھے کولیسٹرول یعنی HDL کی مقدار بڑھاتا ہے جو نقصان دہ کولیسٹرول (LDL) کے اثرات کو کم کرتا ہے۔

4- خون میں چکنائی کی سطح کم کرے

انڈوں میں پائے جانے والے فیٹی ایسڈز خون میں چکنائی کی سطح گھٹانے میں مدد دیتے ہیں، جس سے شریانوں کی بندش اور امراضِ قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

5- فالج کے خطرے میں کمی

تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ ایک انڈہ کھانے سے فالج کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

6- دل کی صحت میں بہتری

ایک مطالعے کے مطابق روزانہ انڈہ کھانے والے افراد میں امراضِ قلب کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد کم ہوتا ہے جو انڈے نہیں کھاتے۔

7- طویل وقت تک بھوک نہ لگنا

ناشتے میں انڈہ کھانے سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے، جس سے بار بار کچھ کھانے کی عادت کم ہوتی ہے اور وزن کنٹرول میں رہتا ہے۔

8- دماغ اور بینائی کے لیے مفید

انڈے میں موجود کولین دماغی خلیوں کے درمیان تعلق کو بہتر بناتا ہے اور دماغی نشوونما کو تیز کرتا ہے، ساتھ ہی ان میں موجود لیوٹن اور زییکسانتھن بینائی کو مضبوط بناتے اور بڑھتی عمر میں آنکھوں کے امراض سے بچاؤ فراہم کرتے ہیں۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید