نئی چینی تحقیق کے مطابق معمر افراد میں دانتوں کا تیزی سے گرنا موت کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہے۔
چین کی سیچوان یونیورسٹی میں ہونے والی حالیہ تحقیق میں زبان کی اچھی صحت پر زور دیا گیا ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ دانتوں کا تیزی سے گرنا صحت کے سنگین مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس سے قبل بھی دانتوں کا گرنا جلد موت سے منسلک کیا جاتا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے کبھی ڈیٹا اکھٹا نہیں کیا گیا کہ دانتوں کا زیادہ تیزی سے گرنا انسان کی زندگی کو کیسے متاثر کرسکتا ہے۔
سیچوان یونیورسٹی کے محققین کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق میں 8,073 معمر افراد کے دانتوں کے گرنے کی رفتار اور موت کے امکانات کا اوسطاً 3.5 سال تک جائزہ لیا گیا ہے۔
اس مطالعے سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ معمر افراد جن کے دانتوں کے گرنے کی شرح تیز رہی ان میں جلد اموات کے خطرات نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔
محقیقن کے مطابق یہ تعلق دیگر عوامل جیسے جنس، عمر، تعلیم، شراب نوشی اور ورزش کی عادات سمیت صحت اور بیماریوں کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی برقرار رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ دانتوں کا گرنا براہِ راست موت کا سبب نہیں بنتا، بلکہ یہ جسمانی صحت کے سنگین مسائل کی ابتدائی وارننگ ہو سکتا ہے۔
محقیقن کے مطابق ایک طویل عرصے سے منہ اور زبان کی اچھی صحت کا براہ راست تعلق انسان کی اچھی صحت سے منسلک رہا ہے۔ دانتوں کے گرنے کی شرح اور اموات کے درمیان یہ تعلق کیوں ہے یہ واضح نہیں ہے۔
تاہم تحقیق کے مطابق دانتوں کے گرنے کی رفتار اور موت کے خطرے کے درمیان تعلق کی وضاحت میں سوزش، غذائی کمی، موٹاپا اور ذہنی دباؤ جیسے عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دانتوں کی کمی کی وجہ سے غذا چبانے میں دشواری ہوتی ہے، جس سے جسم کو ضروری غذائیت نہیں مل پاتی اور صحت کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
محققین نے زور دیا ہے کہ دانتوں کی صحت پر توجہ دینا لازمی ہے، روزانہ دو بار برش کرنا، باقاعدگی سے دانتوں کے ڈاکٹر سے معائنہ کروانا، اور تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا دانتوں کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔