• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبریٰ نے شادی کی پہلی پیشکش ٹھکرا دی تھی: گوہر رشید کا انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید نے انکشاف کیا ہے کہ جب پہلی بار اہلیہ کبریٰ خان کو شادی کی پیشکش کی تھی تو اُنہوں نے انکار کر دیا تھا۔

گوہر رشید نے حال ہی میں ایک ویب شو کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے شادی کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے شادی کرنے کے بارے میں مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں انسان کو شادی اس وقت کرنی چاہیے جب اس کا دل تمام دنیاوی خواہشات سے بھر جائے کیونکہ شادی ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور اس رشتے کو انسان کی پوری توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

اداکار نے کہا کہ میں والدین کو بھی ایک مشورہ دوں گا کہ جس طرح وہ اپنی اولاد کو باقی دنیاوی چیزوں جیسے تعلیم، نوکری اور اخلاقیات کے بارے میں سمجھاتے ہیں بالکل اسی طرح خاص طور پر بیٹوں کی تربیت کرتے ہوئے اُنہیں شادی کی ذمہ داریوں کے بارے میں بتا کر پہلے سے تیار کریں۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ ہمیں شادی کے بارے میں صرف یہ بتایا جاتا ہے کہ آپ کو نکاح نامے پر دستخط کرنے ہیں لیکن شادی کے بعد کتنی ذمہ داریاں آئیں گی یا شادی کے بعد انسان کا رویہ کس طرح کا ہونا چاہیے، یہ نہیں بتایا جاتا۔

گوہر رشید نے مزید کہا کہ اب میری شادی ہوئی تو میری زندگی میں بہت ساری تبدیلیاں آئی ہیں اسی طرح کبریٰ کی زندگی میں بھی بہت تبدیلی آئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شادی کے بارے میں یہ عام خیال بھی بالکل غلط ہے کہ شادی جلدی کر لینی چاہیے، شادی کسی عمر میں ہوتی ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں نے 40 سال کی عمر میں شادی کی ہے، اب میں زیادہ سمجھدار ہوں اور اب مجھے اس بات کی زیادہ سمجھ ہے کہ کسی جھگڑے کے دوران سامنے والے کے نظریے کو بھی سمجھنا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ اب ضروری نہیں کہ ہر انسان عمر بڑھنے کے ساتھ ہی سمجھدار ہو بلکہ سمجھداری کا تعلق تجربے سے ہے، کچھ لوگ 30 سال کی عمر میں ہی 40 سال کے انسان جتنے سمجھدار ہوتے ہیں تو جب انسان سمجھدار ہوجائے تب شادی کر لے۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے پہلے کبریٰ سے محبت ہوئی اور میں نے ہی پہلے شادی کی پیشکش کی تھی جوکہ ٹھکرا دی گئی تھی لیکن میں نے ہار نہیں مانی اور کوشش کرتا رہا پھر جب دوسری بار شادی کی پیشکش کی تو قبول ہوگئی۔

گوہر رشید نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ کبریٰ کا پہلی بار شادی کی پیشکش سے انکار کرنا بنتا بھی ہے کیونکہ جہاں حسن ہو وہاں نزاکت تو ہوتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کبریٰ کے زندگی میں آنے کے بعد میں ایک بہتر انسان بن گیا ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید