پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید اور اداکارہ کبریٰ خان کی شادی کی خبریں کافی عرصے سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں اور اب ان دونوں نے خود بھی اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔
گوہر رشید اور کبریٰ خان کی جانب سے اپنی شادی کی تصدیق کے بعد ان دونوں کے ماضی میں ایک دوسرے کے بارے میں دیے انٹرویوز کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ان وائرل ویڈیوز میں ایک ویڈیو کلپ گوہر رشید کے’جیو ڈیجیٹل‘ کو دیے گئے انٹرویو کا بھی ہے۔
اُنہوں نے کچھ عرصے پہلے جیو ڈیجیٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ مجھے کبریٰ خان کی سب سے اچھی بات یہ لگتی ہے کہ وہ اپنی اداکاری کو بناوٹ کے بجائے حقیقت سے قریب رکھتی ہیں جبکہ ہم لوگ اداکاری کرنے کے لیے مختلف ترکیبیں نکالتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ جب کبریٰ خان آف کیمرہ ہوتی ہیں تو ہمارا برابر کا مقابلہ ہوگا لیکن جب شوٹنگ شروع ہوتی ہے تو وہ سب کچھ پیچھے چھوڑ دیتی ہیں، اُنہیں اپنے کردار میں ڈھلتے ہوئے ایک منٹ بھی نہیں لگتا۔