پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ ایک موقع پر میری اہلیہ ثمینہ ہمایوں سعید نے مجھے ایک مداح کی غیر معمولی حرکت سے بچایا۔
جیو ٹی وی کے پروگرام ہسنا منع ہے میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے اپنی زندگی کے دلچسپ اور حیران کن واقعات سنائے۔
اداکار نے بتایا کہ 18 سال کی عمر میں ایک لڑکی سے بے حد محبت کرنے لگا تھا، میں اپنے چچا کے گھر بطور اُستاد جاتا تھا، مگر اصل مقصد اُس لڑکی کو دیکھنا ہوتا تھا، میں اُس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے چھت پر چڑھ جاتا تھا اور ایک بار تو صرف اسے دیکھنے کے لیے ٹرین کے ذریعے حیدرآباد تک چلا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اُس وقت کا ہے جب ان کی ملاقات ثمینہ سے نہیں ہوئی تھی، اداکار نے شو کے دوران ایک دلچسپ مگر پریشان کن مداح کے واقعے کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک روز ایک خاتون مداح میرے گھر پہنچ گئی اور کہا کہ وہ مجھے اپنا شوہر مانتی ہے اور شادی کرنا چاہتی ہے، میں بالکل گھبرا گیا اور فوراً اوپر جا کر ثمینہ کو بلایا۔
ہمایوں نے بتایا کہ ثمینہ ہمایوں سعید نے نہایت سکون اور سمجھداری سے اُس خاتون سے بات کی، جس کے بعد وہ خاموشی سے گھر سے چلی گئی۔
اداکار نے ہنستے ہوئے کہا کہ اُس وقت میں واقعی حیران رہ گیا تھا مگر مجھے احساس ہوا کہ میری اہلیہ ناصرف ایک بہترین پارٹنر بلکہ مسئلہ حل کرنے والی ایک زبردست شخصیت بھی ہیں۔