ڈوین جانسن’دی راک‘ کی نئی فلم ’دی اسمیشنگ مشین‘ شاندار توقعات کے باوجود باکس آفس پر متاثر کن آغاز نہ کرسکی ۔
فلم نے ریلیز کے پہلے ویک اینڈ میں صرف 6 ملین ڈالرز کمائے جبکہ تجزیہ کاروں نے ’دی اسمیشنگ مشین‘سے 20 ملین ڈالرز کی امیدکر رکھی تھی۔
یہ دی راک کے فلمی کیریئر کی سب سے کمزور اوپننگ والی فلم بن گئی ہے، جسے 3 ہزار 345 سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا، ’دی اسمیشنگ مشین‘ کی حالیہ کارکردگی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ فلم کی پروڈکشن کا 50 ملین ڈالرز کا بجٹ خطرے میں پڑسکتا ہے۔
ڈوین جانسن کی یہ فلم اسپورٹس ڈرامہ ہے، جو ایم ایم فائٹر مارک کرکی کی حقیقی زندگی اور اُن کی جدوجہد کو کہانی کی شکل میں پیش کرتی ہے ۔
فلم کو ناقدین نے سراہا تھا، خاص طور پر وینس فلم فیسٹیول میں اس پر اچھے تبصرے کیے گئے لیکن عوام کی دی اسمیشنگ مشین میں دلچسپی کمزور رہی۔
ڈوین جانسن کی فلم کا اصل مقابلہ ٹیلر سوئفٹ کی ’کنسرٹ‘ سے تھا، جس نے 33 ملین ڈالرز کما کر ناقدین کو بھی حیران کردیا ہے۔